• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی آمر ضیاء کیخلاف نصرت بھٹو کی جدوجہد کبھی فراموش نہیں کرے گی، بلاول

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی پانچویں برسی کے موقع پرزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، جنہوں نے پاکستان کے عوام اور جمہوریت کے لیے اپنا پورا خاندان قربان کردیا،بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی  آمر ضیائ کے خلاف نصرت بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فرامو ش نہیں کرے گی، بیگم نصرت بھٹو نے ملک کی سب سے سیاہ آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹنے کے بعد تمام کارکنان اور جیالے بیگم نصرت بھٹو کے ساتھ کھڑے رہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اور جیالے آج بیگم نصرت بھٹو کو ان کی پانچویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی ان کی آمر کے خلاف جدوجہد اور پاکستان کی تاریخ کے ایک ڈکٹیٹر کے خلاف مقبول عوامی تحریک کی سربراہی کو کبھی فرامو ش نہیں کرے گی ،دریں اثنا ئ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی پانچویں برسی اتوار کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ اس ضمن میں پیپلز سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، راشد حسین ربانی، وقار مہدی، نجمی عالم سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لئے جدوجہد کو خراج عقیدت اور ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی تاہم وہ تقریب سے خطاب کئے بغیر چلے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمر کا مقابلہ کرکے عوام کو اس کے مظالم سے بچایا۔ ضیائی آمریت کی وجہ سے بھٹو ہم سے چھین لئے گئے۔ جنرل ضیاء کی سیٹی پر اس کے آلہ کار بھی بھٹو کو ہٹانے میں پیش پیش تھے۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد ضیاء کے آلہ کار پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور بیگم نصرت بھٹو کو پارٹی کی چیئرپرسن بننے کی مخالفت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے بھٹو کے بعد شاہ نواز، مرتضی اور بینظیر بھٹو کو ہم سے چھین لیا گیا۔ جمہوریت کی بحالی کے لئے نصرت بھٹو نے ہماری تربیت کی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کے لئے گراں قدر قربانیاں دیں۔ مخالفین پیپلز پارٹی کی قیادت کی قربانیوں کی نظیر پیش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف قید سے ڈر کر بیرون ملک چلے گئے۔ کسی کو ایک خط اور کسی کو معافی نامہ پر بیرون ملک جانے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے بڑوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں اور جدوجہد سے تعبیر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجمی عالم نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت پر احسان کیا۔ انہوں نے بکھری ہوئی پارٹی اور جمہوریت کو پروان چڑھایا۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے نصرت بھٹو نے خاندان کی قربانیاں پیش کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے پارٹی کارکنوں کو سنبھالا۔ پارٹی کے خلاف سازشوں اور جنرل ضیاء کی آمریت کا تن تنہا مقابلہ کیا، علا اوہ ازیں وزیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے دور میں قیدوبند کی صعوبتیں اٹھا ئیں  اس پر ہم انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد جس طرح بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کو بچانے کے لیے اپنا کردار نبھایا اس پر انھیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اگرچہ آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن جمہوریت کے لیے کی جانے والی کو ششوں کی ہی وجہ سے آج پاکستان میں جمہوریت قائم ہے۔  
تازہ ترین