• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ لندن کی عبوری رابطہ کمیٹی کے ارکان ایک ماہ کیلئے نظر بند

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے حراست میں لئے گئے متحدہ قومی مومنٹ لندن کی عبوری ربطہ کمیٹی کے ارکان کو نقض امن کے پیش نظر ایک ماہ کے لئے نظر بند کردیا گیا ہے، تینوںرہنمائوں کو 22اگست کے پاکستان مخالف نعروں اور نجی ٹیلی ویژن چینل پر حملے کے مقدمات میں بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تینوں رہنماؤں کو مغربی پاکستان کے پبلک مینٹی ننس آرڈر کی شق 3(1) کے تحت حراست میں لے کر ایک ماہ کے لیے سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے کمشنر کراچی کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے 22اگست کو کراچی پریس کلب کے سامنے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور ایک نجی ٹی وی چینل پر حملہ کیا ،یہی رہنما اور کارکنان ایک مرتبہ پھر پریس کلب کے باہر جمع ہو رہے ہیں جس سے نقص امن کا خدشہ ہے، جس پر محکمہ داخلہ نے مغربی پاکستان کے پبلک مینٹی ننس آرڈر 1960کی شک نمبر 3 ایک کے تحت کارروائی کا حکم دیا اور ایم کیو ایم لندن کے تینوں رہنماؤں ڈاکٹر حسن ظفر عارف، کنور خالد یونس اور امجد اللہ خان کو حراست میں لیکر انہیں ایک ماہ کے لیے سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ہے۔تینوں رہنماؤں کو 22اگست کو پاکستان مخالف نعروں اور نجی ٹی وی چینل پر حملے کے بعد آرٹلری میدان تھانے میں درج مقدمہ الزام نمبر116اور 117میں شامل تفتیش بھی کیا گیا ہے تاہم ان پر کوئی نیا مقدمہ داخل نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن ظفر عارف اور کنورخالد یونس کو ہفتے کوپریس کلب کے باہر سے اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا جب وہ پریس کانفرنس کرنے کے لئے پریس کلب پہنچے تھےجبکہ امجد اللہ خان پریس کلب میں4 گھنٹوں سے زائد گزارنے کے بعد پریس کلب کے دروازے سے حراست میں لیا گیا تھا۔
تازہ ترین