• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کی آڑمیں جمہوری نظام کیخلاف سازش کرناقبول نہیں،آصف کرمانی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ نواز کے رہنما آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے، حکومت اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، احتجاج کی آڑمیں جمہوری نظام کے خلاف سازش کرنا قابل قبول نہیں ہے، نواز شریف نے کبھی اسلام آباد بند کرنے کیلئے نہیں کہا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی،علی محمد خان،پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی ،تجزیہ نگارمشرف زیدی اور ڈاکٹر عابد جمال بھی شریک تھے۔عارف علوی نے کہا کہ حکومت کے پاس عمران خان کیخلاف کچھ شواہد ہیں تو ایکشن لے جواب نہ مانگے۔علی محمد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس جانا ہماری غلطی تھی، پی ٹی آئی نظام کو لاحق تمام بیماریوں کا ایک ساتھ علاج چاہتی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ستائیس دسمبر کے بعدپیپلز پارٹی لانگ مارچ کرے گی تو پی ٹی آئی کو پتا چل جائے گا لانگ مارچ کیا ہوتا ہے، ہم کسی کی انگلی کے اشارے کا انتظار نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر عابد جمال نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پیرانائیڈ شیزو فرینیا کو دماغی بیماری تسلیم نہ کرنا زبردست تضاد ہے۔آصف کرمانی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود کو دیکھے بغیر دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، عمران خان کے مالی معاملات سے متعلق حکومت اپنا فرض پورا کرے گی، ان کا اخلاقی فرض ہے کہ اس پر اپنی پوزیشن واضح کریں،عمران خان کے سامنے اخلاقیات کی بات کرنا بھینس کے آگے بین بجانے والی بات ہے، پی ٹی آئی کو اسلام آباد کے شہریوں کو محبوس کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز میں نشانہ نواز شریف تھے، عمران خان کے اردگرد لوگوں نے قرضے معاف اور پلاٹوں پر قبضے کروائے ان کا احتساب کیوں نہیں کیا جاتا ہے،نواز شریف نے کبھی اسلام آباد بند کرنے کیلئے نہیں کہا۔عارف علوی نے کہا کہ حکومت کے پاس عمران خان کیخلاف کچھ شواہد ہیں تو ایکشن لے جواب نہ مانگے،جواب مانگنا تو اپوزیشن کا کام ہوتا ہے، عمران خان کبھی حکومتی عہدیدار نہیں رہے، انہوں نے رہائشگاہ اپنے پیسے سے خریدی جس میں کوئی کرپشن نہیں ہے، حکومت سمجھتی ہے۔انہوں نے کہیں ٹیکس بچایا تو عمران خان کو عدالت میں لے جائے،عمران خان نے چوری چھپے فلیٹ نہیں خریدا تھا بلکہ ہر جگہ ظاہر کیا، ن لیگ وزیراعظم کو بچانے کیلئے کبھی شوکت خانم اسپتال اور کبھی نمل کالج پر انگلیاں اٹھاتی ہے، وزیراعظم اپنی تلاشی دینے پر تیار کیوں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ نواز شریف اگر کرپٹ ہے تو کیا ہوا عمران خان بھی کرپٹ آدمی ہے ،قائد اعظم نے بھی 11 اگست کی تقریر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن قرار دیا تھا، قائداعظم نے 1947ء کی اسمبلی سے کرپشن پر قابو پانے کی جوا مید ظاہر کی تھی آج بھی ہم اس کے پورا ہونے کے منتظر ہیں۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر کسی تحقیقاتی ادارے نے تحقیقات نہیں شروع کی، انڈیا میں دو ہفتوں کے اندر پاناما لیکس میں شامل لوگوں کو نوٹس جاری کردیئے تھے،یہ کہنا درست نہیں کہ ووٹر ن لیگ کو منتخب کررہا ہے اس لئے نواز شریف کی کرپشن کا احتساب نہیں کیا جاسکتا،چھ مہینے ٹی او آرز پر اتفاق کا انتظار کرنے کے بعد عدالت میں گئے ہیں،نواز شریف ماضی میں اسلام آباد بند کرنے کا بیان دے چکے ہیں، ن لیگ تو سپریم کورٹ پر حملہ کرچکیہے۔مشرف زیدی نے کہا کہ پی ٹی آئی پاناما پر اسلام آباد میں پرامن احتجاج کرے ،شہر بند کرنا پی ٹی آئی کے نقصان اور حکومت کے فائدے میں جائے گا، پی ٹی آئی نے احتجاج کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکی،حکومت اس معاملہ کو بہتر طور پر ہینڈل کرسکتی تھی، وزیراعظم نواز شریف احتساب کیلئے پیش ہونے کے بجائے اپنے خاندان کی داستان بیان کرتے رہے۔علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نظام کو لاحق تمام بیماریوں کا ایک ساتھ علاج چاہتی ہے، ان بیماریوں کا ایک حصہ پیپلز پارٹی بھی ہے،رائیونڈ مارچ کے بعد واضح لکیر کھنچ گئی ہے،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنا کبھی بھی قبول نہیں کیا،پیپلز پارٹی ٹی اوا ٓرز کمیٹی میں ہمارے ساتھ خوشی تھی لیکن جیسے ہی سڑکوں پر جانے کی بات آئی انہیں جمہوریت یاد آگئی۔ علی محمد خان نے کہا کہ ہم منتظر ہیں جب پیپلز پارٹی کی قیادت کوئی مزدور کرے گا، پیپلز پارٹی میں خاندانی سیاست چلتی ہے ،پارٹی میں پچیس سال کے نوجوان کے پیچھے پچاس سال سیاست کرنے والے کھڑے ہیں، عمران خان نے اپنے بچوں کو پی ٹی آئی کا سربراہ نامزد کیا تو اس کے بعد میری، شہریار آفریدی اورمراد سعید کی پارٹی میں جگہ نہیں ہوگی، ہم کسی بچے کے پیچھے کھڑے نہیں ہوں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ہر سیاسی جماعت کا حصہ رہے ہیں، عمران خان ڈی آئی خان گئے تو وہاں پی ٹی آئی کی یوتھ نے صوبائی وزیر کی کرپشن کیخلاف احتجاج کیا، خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن بنتا ہے تو پی ٹی آئی والے ہی پکڑے جاتے ہیں،عمران خان کے دائیں بائیں کوئی فرشتہ نہیں کھڑا ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی خاندانی سیاست کررہی ہے۔ڈاکٹر عابد جمال نے کہا کہپیرانائیڈ شیزوفرینیا نفسیاتی بیماری ہے جو عارضی نہیں ہوتی،مریض ساری زندگی اس بیماری میں گزار دیتا ہے،پیرانائیڈ شیزوفرینیاکی حالت خراب سے خراب تر ہوتی جاتی ہے، ایسے مریضوں کو نارمل زندگی میں رہنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے مگر نارملائز نہیں کیا جاسکتا۔
تازہ ترین