• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ ہیلتھ لیڈرز کا ٹی وی شوز پر جنگ فوڈ کے اشتہارات پر پابندی کا مطالبہ

لندن (جنگ نیوز)گلوبل ہیلتھ لیڈروں نے کہا ہے کہ جنک فوڈ کے ایسے تمام اشتہارات تمام ٹی وی پروگرامز کے دوران نشر کرنے پر پابندی ہونی چاہئے جو بچوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن ڈبلیو ایم اے نے کہا ہے کہ بچے ہمیشہ سے زیادہ وقت ٹی وی سکرینز کے سامنے گزار رہے ہیں جب کہ اس کا کہنا ہے کہ بچپن میں موٹاپے کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈبلیو ایم اے جس کی سالانہ اسمبلی تائیوان میں ہونے والی ہے، کہا کہ سوشل میڈیا اور روائتی میڈیا پر جاری ہونے والے اشتہارات غیرصحت مندانہ خوراک کی ڈیمانڈ کے اضافے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ گلوبل ہیلتھ باڈی نے متعدد سفارشات تیار کی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ حکومتیں کس طرح اس رجحان کا خاتمہ کرنے میں معاونت کرسکتی ہیں۔ ایک نئے بیان میں ڈبلیو ایم اے نے کہا ہے کہ بیشتراشتہارات میڈیکل اور سائنٹیفک تنظیموں کی جانب سے صحت مند خوراک کی سفارشات سے متضاد ہوتے ہیں۔ فوڈ اور ڈرنک پروڈکٹس کیلئے ٹی وی اشتہارات اکثرگھنٹوں نشر ہوتے ہیں جن میں غذائیت بہت معمولی یاقطعی نہیں ہوتی اور انہیں قطع نظر بھوک ہونے کے کھانے کی خواہش کو فروغ دیا جاتا ہے۔ ان اشتہارات سے بچوں کا خوراک کے لئے جذبات ردعمل بڑھ جاتا ہے اور ان کے اعتماد کا استحصال ہوتا ہے۔ ڈبلیو ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ طریقے اور تیکنکس سوشل نیٹ ورکس، ویڈیوگیمز اور بچوں کیلئے مخصوص ویب سائٹس پر بھی استعمال کی جاتی ہیں۔ ڈبلیو ایم اے نے حکومتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ فوڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کریں اور صحت مند خوراک کی تیاری کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
تازہ ترین