• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک مغربی روٹ کو 2018 تک مکمل کر لیا جائیگا، پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ

   اسلام آباد(کامرس رپورٹر)سی پیک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا گیا  کہ مغربی روٹ کو اے پی سی کےفیصلوں  کی روشنی میں  2018تک ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائےگا، سی پیک پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت ہوا۔  وفاقی وزیر احسن اقبال نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مغربی روٹ کو 2018تک مکمل کیا جائے گا سی پیک کا چھٹا جے سی سی اجلاس بیجنگ میں 28نومبر کو ہو گا کراچی تا طورخم ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے 8ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ بیجنگ میں ہونیوالی جے سی سی میں تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ سی پیک مکمل مفاہمت ، شفافیت کے ساتھ مکمل ہو گا انہوں نے جے سی سی سے پہلے تمام صوبوں کی ورکشاپ کے اقدام کو سراہا۔ سینیٹر شبلی فراز نے احسن اقبال سے تحریری سوالات کیے جن کے بارے میں احسن اقبال نےکہا کہ یکم نومبرتک ان کے جوابات دے دیئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 30ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے ، این ایچ اے کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ گلگت سکردو روڈ کا حتمی ٹینڈر جمعہ 28اکتوبر کو ہوگا ایف ڈبلیو او اور ایک چائنز کمپنی گزیبو ٹینڈر کے حتمی مرحلے میں حصہ لیں گی نومبر کے پہلے ہفتے میں کام کا آغاز ہوگا روڈ کے چار پل امریکہ سے تیار شدہ آئیں گے نصب کرنے اور دیگر امور پر ایک سال کا وقت لگے گا۔ 160کلو میٹر سڑک پر اربوں روپے کی لاگت آئے گی تین سال کے عرصے میں کام مکمل ہوگا۔
تازہ ترین