• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سے زیادہ بے شرم نہیںدیکھا،یلغار کی پلاننگ کررہے تھے، حکومتی ارکان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) حکومتی ارکان خواجہ سعد رفیق اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت اور پاکستان کے استحکام کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، ان سے زیادہ کوئی بے شرم نہیں دیکھا ، ان کی باتیں ’چور مچائے شور‘ والی ہیں، کشمیر کے معاملہ پر پی ٹی آئی نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے بھارت کا دل خوش کیا ہے، آئین کسی کو پاکستان کا کوئی شہربند کرنے کی اجازت نہیں دیتا، عمران خان بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ عمران خان کی گرفتاری سے ڈرلگتا ہے،اُن کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے،جیل میں پاؤڈرسپلائی نہیں کیاجاسکتا۔ ان خیالات کااظہار دونوں رہنماؤں نے جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ دیگر حکومتی ارکان طلال چوہدری ، محمد زبیر ، دانیال عزیز اور آصف کرمانی نے اسلام آباد میں گرفتاریوں سے متعلق کہا ہے کہ کنونشن لاک ڈاؤن کا حصہ تھا، احتجاج کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے لیکن کسی کو یلغار کی اجازت نہیں دیں گے ، وہ لوگ یلغار کی پلاننگ کررہے تھے ، پی ٹی آئی نے یوتھ کنونشن کی اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت نہیں لی تھی جس پر پولیس ایکشن کرنا پڑا۔ تفصیلا ت کے مطابق جمعرات کو پی آئی ڈی میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کی کمر توڑی ہے مگر اس کے باوجود سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے ہیں، پوری قوم اس بات پر یکسو ہے کہ آخری دہشت گرد تک ہم یہ جنگ جاری رکھیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ بعض لوگوں کو اقتدار حاصل کرنے کی جلدی ہوتی ہے، یہ وہی کر سکتا ہے جو یا تو سیاست میں نومولود ہو یا وہ کسی حادثہ کی وجہ سے توازن کھو بیٹھا ہو۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں سیاسی مخالفت کی ایک تاریخ موجود ہے، دونوں نے ایک دوسرے کی دو دو حکومتیں گرانے کے بعد سبق حاصل کیا ہے کہ یہ درست نہیں ہے۔انہوں نے کہامیں نے زندگی میں بہت سے ڈھیٹ لوگ دیکھے ہیں مگر عمران خان جیسا بے شرم کبھی نہیں دیکھا۔
تازہ ترین