• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیر اعظم نے ملک بھر میں فوری طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں پچاس فی صد کمی کا اعلان کیا ہے جس پر خاطر خواہ عمل ہوا تو یہ موجودہ حکومت کی ایک نہایت اہم کامیابی شمار کی جائے گی۔وزیر اعظم نے یہ فیصلہ پیر کو پانی و بجلی کے وزیر خواجہ آصف سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر وزیر موصوف نے وزیر اعظم کو بجلی کی طلب اور رسد کی صورتحال سے آگاہ کیا جس کی روشنی میں لوڈ شیڈنگ میں پچاس فی کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس فیصلے پر منگل ہی سے عمل درآمد ہوگا اور سیکریٹری پانی وبجلی کو اس ضمن میں ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔ اس فیصلے پر خاطر خواہ عمل ہوا تو ملک کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا یومیہ دورانیہ تین گھنٹے اور دیہی علاقوں میں چار گھنٹے رہ جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے سیکریٹری پانی و بجلی کو ابتدائی طور پر لوڈ شیڈنگ میں پچاس فی صد کمی کو آزمائشی بنیادوں پر پوری طرح مؤثر بنانے اور پھر اسے مستقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ذرائع کے مطابق فی الوقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ ہے جسے دوہزار میگاواٹ تک لانے کے لیے بجلی کے بند پلانٹس چلائے جائیں گے۔موجودہ حکومت عوام کو بارہا یقین دہانی کراچکی ہے کہ 2018ء تک پورے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ لہٰذا اگر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پورے ملک میں پچاس فی صد کم کرنے کا فیصلہ واقعی حقیقت بن گیا، بجلی بند کرنے کیلئے مرمت اور بریک ڈاؤن کے بہانے نہ تراشے گئے اور گرمی کے موسم میں بھی اس فیصلے پر عمل درآمد جاری رہا تو یہ ہدف کی جانب قابل قدر پیشرفت ہوگی جس سے حکومت کی ساکھ اور اعتبار میں یقیناً اضافہ ہوگا۔لوڈ شیڈنگ میں کمی کے اس فیصلے پر کراچی الیکٹرک سے عمل درآمد کرائے جانے کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے جس کی انتظامیہ نے ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم کی اس ہدایت کے حوالے سے سوال کئے جانے پر خاموشی اختیار کئے رکھی۔


.
تازہ ترین