• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان، برف پوش جنگلات سے سردی کا شکار70 تارکین وطن کو بچالیاگیا

ایتھنز/ برلن (نیوز ڈیسک) یونان کے شمالی جنگلات میں برف باری کے بعد سردی سے ٹھٹھرتے70کے قریب تارکین وطن کو بچالیا گیا ہے۔ یونانی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان شامی طارکین وطن کو سالونیکی شہر کے قریب واقع جنگلات سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ بچائے گئے ان تارکین وطن میں بچے بھی شامل ہیں جو کشتی کے ذریعے دریائے افروس کو عبور کرکے ترکی سے یونان پہنچے تھے۔ دوسری جانب یونان میں ہزاروں تارکین وطن کو شدید سرد موسم کی وجہ سیا یک نئے مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ یونان میں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گرگیا ہے اور شدید سردی جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے تصدیق کی ہے کہ یونان میں کھلے آسمان کے نیچے ہلکے خیموں میں رہنے والے ہزاروں تارکین وطن کو شدید سردی سے بچانے کیلئے ایک بڑے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ آپریشن بدھ سے شروع ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے مطابق یونان کو آج کل شدید سردی کی لہر کا سامنا ہے اور درجہ حرارت صفر درجے سینٹی گریڈ سے نیچے چلا گیا ہے۔ سب سے پہلے یونان کے برف سے ڈھکے پہاڑ اولمپس کی ترائی میں مقیم تقریباً ایک ہزار ایزدی تارکین وطن کو منتقل کرنے کا عمل شروع ہوا ہے۔ اولمپس یونان کا سب سے بلند پہاڑ ہے اور دوسری جانب ایزدی (یزیدی) جنگ زدہ ملک عراق کی ایک مذہبی اقلیت ہے، جسے دہشت گرد تنظیم داعش کے ظلم و جبر کا سامنا رہا تھا اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تارکین وطن کے ترجمان رولینڈ شو نباور کے مطابق اس منتقلی میں پہلے ہی تاخیر ہوچکی ہے لیکن اب اس معاملے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ شدید سردی کا سامنا کرنے والےتارکین وطن کو عالمی ادارے کی جانب سے کرائے پر حاصل کیے ہوٹلوں اور فلیٹس میں منتقل کیا جائے گا۔
تازہ ترین