• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیرت رسولؐ پر عمل پیرا ہونے میں کامیابی ہے، احمد حسین ترمذی

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) سیرت رسولؐ پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ میلاد مصطفیؐ کی محافل و جلوس سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و وابستگی کا خوبصورت اظہار کا ذریعہ ہے۔ عقیدت و محبت کے بغیر سیرت پر عمل کا جذبہ پیدا نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار جلوس میلاد النبیؐ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ و یورپ پروفیسر پیر سید احمد حسین ترمذی نے کیا، شاہ ولایت فائونڈیشن کے زیراہتمام جلوس میلاد الجامعہ الزہرا ہیلی فیکس سے شروع ہوکر اپنے روایتی راستوں کے چکر لگاتا ہوا واپس فرانس سٹریٹ الجامعہ الزہرا پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میلاد کا آغاز سید محمد حسنات احمد ترمذی نے اپنی تلاوت و نعت سے شرکا و جلوس کو مستفیض کیا اور نعت خوانوں اور الجامعہ الزہرا کی طالبات نے مختلف مقامات پر بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ و یورپ پروفیسر سید احمد حسین شاہ ترمذی نے اپنے خطاب میں شرکا و جلوس پر زور دیا کہ وہ محافل میلاد کے انعقاد اور جلوس و جلسہ کے اہتمام کے ساتھ ساتھ سیرت مصطفیؐ کا بھی مطالعہ کریں، تاکہ رحمت اللعالمین کے اوصاف حمیدہ اور صفات جمیلہ کو اپنانے کا ذوق پیدا ہوا۔ ہیلی فیکس بارکنن لین سکول کے باہر ایک حسین سماں تھا۔ رنگ برنگے لباس میں ملبوس بچے شرکا و جلوس پر پھولوں کی پتیاں برسا رہے تھے اور درودو سلام پڑھ کر اپنے آقا مولی کی محبت کا اظہار کررہے تھے۔ جہاں پر سکول کے بچوں اور سٹاف نے جلوس کے شرکا کا شاندار استقبال کرکے ولادت مصطفیؐ کے جشن کی مبارکباد پیش کی۔ الجامعہ الزہرا کے طلبہ و طالبات نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سکول کے ہیڈ ٹیچر گلفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر نبی کریمؐ کی آمد کا دن منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شرکا جلوس کا استقبال کرکے ہمیں دلی خوشی ہوتی ہے، اس موقع پر پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے سکول کے سٹاف خصوصی طور پر ہیڈ ٹیچر گلفراز احمد کا شکریہ ادا کیا۔ جلوس کی قیادت صدر مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے کی، جبکہ اس میں اٹلی سے علامہ سید رفاقت حسین شاہ کے علاوہ بریڈ فورڈ سے علامہ عبدالرحمن نقشبندی، بریڈ فورڈ کی معروف سیاسی شخصیت چوہدری الطاف حسین، صاحبزادہ حافظ سید محمد حیدر ترمذی، صاحبزادہ مرتضیٰ رفاقت حسین شاہ، مولانا محمود الحسن قادری، علامہ طارق جملی، پیر سید حسنین شاہ بخاری، صاحبزادہ حافظ سید محمد حیدر ترمذی نے انگریزی میں خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا۔ نوجوان نسل نبی کریمؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ اٹلی سے آئے ہوئے مہمان خصوصی علامہ صاحبزادہ سید رفاقت حسین شاہ نے صلٰوۃ و سلام پیش کیا۔ آخر میں جلوس میلاد میں مقامی علما و مشائخ سماجی کارکن، سیاسی، سماجی شخصیات کونسلرز سکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد نے جلوس میں شرکت کی۔ محفل صلٰوۃ و سلام اور دعا پر جلوس کا اختتام ہوا اور پوری امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین