• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمات بروقت نمٹانے کیلئے دس ماہ مقرر کردیئے،چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کی موثر روک تھام کیلئے پراسیکیوشن کا کردار  انتہائی اہم ہے، نیب نے مقدمات کو بروقت نمٹانے کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا ہے، نیب قانون پر عملدرآمد، آگاہی اور تدارک کے ذریعے انسداد بدعنوانی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرلز اکائونٹیبلٹی کی پہلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو بروقت نمٹانے کیلئے کام کا معیاری طریقہ کار وضع کیا ہے۔ نیب نے شکایت کی جانچ پڑتال سے انکوائری، انکوائری سے انوسٹی گیشن اور انوسٹی گیشن سے احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی میں بہتری کیلئے نیب کے تفتیشی افسران کیلئے کام کے معیاری طریقہ کار کو 10 سال کے بعد موجودہ انتظامیہ نے بہتر بنایا ہے۔  نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جو کہ ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انوسٹی گیشن آفیسر اور سینئر لیگل کنسٹلنٹ پر مشتمل ہوتی ہے۔  پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی نیب نے پراسیکیوشن ونگ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔  انہوں نے کہا کہ 2016ء کے دوران نیب نے 339 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں۔ جن میں سے 98 ریفرنسز کے فیصلے ہوئے ہیں۔  چیئرمین نیب نے کہا کہ انوسٹی گیشن کے عمل میں پراسیکیوٹر کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ادارہ ٹھوس اور جامع مقدمات تیار کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پراسیکیوشن ڈویژن کو نیب کیخلاف آنے والے فیصلوں کا تجزیہ کرنا چاہئے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے قومی احتساب بیورو کیخلاف آنے والے مقدمات میں انوسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کی خامیوں اور وجوہات سے آگاہ کیا۔
تازہ ترین