• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولیا اور صوفیا کرام کی دین اسلام کیلئے بڑی خدمات ہیں، پیربرکات چشتی

بولٹن (نمائندہ جنگ) صاحبزادہ پیر برکات احمد چشتی قادری نے اولیا کرام کی کرامات اور برصغیر پاک و ہند کے صوفیا کرام کی دین اسلام کے لیے خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے خانقاہی نظام کو ہی موثر ترین قرار دیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالمنور گھمگولیہ سینٹر راچڈیل کے زیراہتمام حضرت صاحبزادہ پیر سید غلام نظام الدین شاہ گیلانی حاجی کی زیر صدارت پیر سید نصیر الدین نصیر چراغ گولڑہؒ کے سالانہ عرس کی بڑی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہا برصغیر پاک و ہند میں اسلام صرف اور صرف اولیا اللہ صوفیائے کرام اور اللہ کے فقیروں اور درویشوں کے طفیل پھیلا ہے اور آج ان کے روحانی فیض کا نتیجہ ہے، جس سے نہ صرف ایشیا بلکہ انگلستان بھی سیراب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا دور جدید کا انسان انتہائی ذہنی پریشانیوں کا شکار ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام کی روحانیت کے درس کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا موجودہ دور میں صوفی ازم کی آڑ میں پریشان لوگوں کو مزید پریشان کرنے کا عمل جاری ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ باخبر اور باشعور انداز میں دین اسلام کی تعلیمات کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔ علامہ عبدالرئوف نقشبندی نے کہا کہ بزرگان دین کا ذکر عین عبادت ہے اور پیر نصیر الدین نصیر نے اپنے کلام پاک کے ذریعے دین اسلام کے جو سنہری اصول پیش کیے ہیں۔ امت مسلمہ کو اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے اور صوفیا کرام کے اس پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، علامہ مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ برطانیہ میں آباد مسلمانوں کو اپنی نوجوان نسل کی اسلامی اور روحانی تربیت کرنے کے لیے اولیا کرام کو مشعل راہ بنانا چاہیے، محفل سے حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ عابد حسین چشتی، سید نعمان حسین جماعتی، حافظ محمد مسعود نقشبندی نے بھی خطاب کیا اور بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت کے پھول حاجی محمد نواز نے پیش کیے۔ آخر میں برطانیہ میں آباد مسلمانوں عالم اسلام کی کامیابیوں فلسطین مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا جانشین نصیر ملت صاحبزادہ پیر سید غلام نظام الدین شاہ حاجی نے کی۔
تازہ ترین