• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حویلیاں حادثہ‘سینئرپائلٹ ویڈیوبنارہاتھا‘دونوں انجن ٹھیک تھے

لاہور ( مانیٹر نگ سیل، جنگ نیوز )حویلیاں میں  حادثے کا شکارہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت اے ٹی آرطیارے پی کے 661کے کاک پٹ کی نئی آڈیوریکارڈنگ سامنے آگئی ہے جس سے پتہ چلتاہے کہ سینئرپائلٹ جنجوعہ حادثے سے پہلے اپنے ویڈیوکیمرے سے وادی کی ویڈیوبنارہے تھے جبکہ سیکنڈافسرنے بھی چیک لسٹ نہیں سنبھالی تھی جبکہ طیارے کی بلیک باکس رپورٹ بھی سول ایوی ایشن کو موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق ٹیک آف کے وقت جہازکے دونوں انجن ٹھیک تھے۔ تازہ آڈیو ریکارڈنگ سے پتہ چلتا ہے کہ حادثے کے وقت کاک پٹ میں کو پائلٹ اور پائلٹ کے ساتھ سیکنڈ آفیسر کی جگہ ایک ائر ہوسٹس موجود تھی۔ ایئر ہوسٹس کی کنٹرول ٹاور سے گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ پائلٹ جنجوعہ حادثے سے پہلے اپنے ویڈیو کیمرے سے وادی کی ویڈیو بنا رہے تھے‘اس موقع پر کنٹرول ٹاور اور پی کے 661 کا رابطہ پہلی بار تھوڑی دیر کے لئے منقطع ہوا‘اس طرح کے نازک حالات میں سیکنڈافسرکا کردار سب سے اہم ہوتا ہے جو کسی بھی خرابی کی صورت میں چیک لسٹ میں درج ہدایات پر عمل کرواتا ہے لیکن اس پوری ریکارڈنگ میں سیکنڈ آفیسر کی آواز کہیں سنائی نہیں دیتی نہ ہی وہ چیک لسٹ پر عمل کرنے کی ہدایت کرتا ہے تاہم ایئر ہوسٹس مسلسل اسلام آباد ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے دفتر سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتی رہی لیکن لائن مصروف تھی۔ جہاز اور کنٹرول ٹاور کے درمیان رابطہ چالیس سیکنڈ تک منقطع رہا اور اس کے بعد رابطہ دوبارہ بحال ہوا۔ اس موقع پر جہاز اور ریڈار کے درمیان آواز کا رابطہ تو قائم ہوا لیکن کنٹرول ٹاور کو جہاز ریڈار پر نظر نہیں آ رہا تھا۔گمان ہے کہ ان چند لمحوں بعد ہی جہاز زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ آڈیو گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ پہلے بدقسمت طیارے کا بایاں انجن فیل ہوا اور پھر اس کا الیکٹریکل سسٹم جزوی طور پر ناکارہ ہو گیا۔ دریں اثناءحادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپور ٹ سامنے آگئی، چترال سے اڑتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100فیصد ٹھیک تھے۔حادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو موصول ہوگئی،سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چترال سے اڑتے وقت طیارےکےدونوں انجن 100 فیصد ٹھیک تھے،بلیک باکس رپورٹ کے مطابق4بجکر 12 منٹ پرپائلٹ نےپہلی کال کی۔عرفان الٰہی نے کہا کہ پہلی کال میں پائلٹ کی آواز پرسکون تھی، 2 منٹ بعد پائلٹ نے مے ڈے کال کردی، 4بج کر 14 منٹ پرپائلٹ نے بتایا کہ ایک انجن کام چھوڑ چکا تھا، 10سے15منٹ بعدطیارہ گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، تاہم بلیک باکس کا 100 فیصد ڈیٹا محفوظ رہا۔سیکریٹری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کے مطابق طیارے نے لینڈنگ کی کوشش نہیں کی تھی، تحقیقات کی جارہی ہیں، انجن ٹھیک ہونے کے باوجود طیارہ حادثے کا شکار کیسے ہوا، وزیراعظم نےحادثے کا شکار طیارے میں ایک ہفتہ پہلے گوادر کا دورہ کیا تھا۔
تازہ ترین