• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی معروف اداکارہ کامنی کوشل آج 90 برس کی ہو گئیں

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)1940 اور 50 کی دہائی کی معروف بھارتی اداکارہ کامنی کوشل 90برس کی ہو گئیں۔16 جنوری 1927کو لاہور میں پیدا ہونے والی کامنی کو 1946 میں اپنی پہلی ہی فلم ’نیچا نگر‘ کے لیے کین فلم تقریب میں ممتاز گولڈن پام ایوارڈ اور دوسری فلم ’براج بہو‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔انھوں نے دلیپ کمار کے ساتھ چار فلمیں کیں اور ان دونوں کی جوڑی ہٹ تصور کی جاتی تھی۔ انھوں نے ان کے ساتھ فلم آرزو، ندیا کے پار،شہید اورشبنم کی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے منوج کمار کے ساتھ آٹھ فلمیں کیں۔ایسا اب کم ہی دیکھا جاتا ہے کہ کسی فلم میں اداکارہ کا نام ہیرو کے نام سے پہلے آئے لیکن 40کی دہائی میں کامنی کوشل کی فلموں میں ان کا نام ہیرو سے پہلے آتا تھا۔کامنی کے کریئر سے کئی ایسی چیزیں وابستہ ہیں جو پہلی بار ہوئیں اور اس میں ایک معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کے کریئر کا آغاز ہے۔کامنی کوشل ہی وہ اداکارہ تھی جن کے لیے لتا منگیشکر نے پہلی بار کسی لیڈ کردار کے لیے پلے بیک سنگنگ کی تھی۔پران اور دیوآنند جیسے اداکاروں نے بھی ان کے ساتھ اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا۔ایک وقت ایسا آیا جب کامنی کوشل نے اداکاری سے وقفہ لے لیا اور وہ آل انڈیا ریڈیو اور بھارتی ٹیلی ویژن کے ساتھ بچوں کے لیے کٹھ پتلی اور کہانیوں کے پروگرام بنانے لگیں۔بعد میں وہ بچوں کے پروگرامز میں خاصی دلچسپی لینے لگی تھیں۔بچوں کے لیے ان کے پروگرام کی سیریز ’چاند ستارے‘ کو دوردرشن پر نشر کیا گیا اور ان کی بچوں کی کہانیاں ’پراگ‘ نامی میگزن میں شائع ہوئیں۔ 2015میں فلم فیئر کی جانب سے انھیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
تازہ ترین