• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑی شاہراہوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ،میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بڑی شاہراہوں سے برساتی پانی کو نکال دیا گیا ہے یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ سمیت دیگر جو سڑکیں زیر تعمیر ہیں ان پر شہریوں کو تکلیف کا سامنا ہے ، یہ بات انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈائریکر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور ، ضلعی میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ شہر میں بعض مقامات پر 55ملی میٹر بارش ہوئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا لیکن کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی انتظامیہ نے اپنے بھر پور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے نکاسی آب کو ممکن بنایا، انہوں نے اس بات کا بھی نوٹس لیاکہ مضافاتی علاقوں سے پانی کی نکاسی میں تاخیر ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ جو پمپس مین شاہراہوں پر لگے ہوئے تھے ان  کو  مضافاتی علاقوں میں پہنچایا جائے تاکہ وہاں سے پانی کو مکمل صاف کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں پر میونسپل سروسز کے عملے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کیلئے سٹی وارڈنز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کہیں نظر نہیں آرہی، انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں میں پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے اور جتنی بھی بارش ہوئی ہے اس کا پانی ان نالوں سے آسانی سے گزر جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ ان نشیبی علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں برسات کے دوران پانی کھڑا ہوتا ہے ان جگہوں کو مستقبل بنیادوں پر درست کیا جائے گا تاکہ برسات کی صورت میں وہاں پانی جمع نہ ہو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور نے میئر کراچی  کو بریفنگ دیتے ہوئے شارع فیصل پر پانچ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جہاں بارش میں پانی کھڑا ہوتا ہے انہوں نے بتایا کہ بعض جگہوں پر برساتی پانی کے راستے کو بند کردیا گیا ہے اور وہاں عمارتیں تعمیر کردی گئیں ہیں میئر  نے ہدایت کی کہ نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے پلان مرتب کیا جائے اور ابتداء سے آخر تک کام کو ایک مرتبہ ہی مکمل کیا جائے۔
تازہ ترین