• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آف شور کمپنیوں اور لندن اپارٹمنٹس سے متعلق سماعت کا نتیجہ رواں ہفتےآنے کا امکان

اسلام آباد(تبصرہ:طارق بٹ)وزیرا عظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف آف شور کمپنیوں اور لندن پارٹمنٹس سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری پٹیشنز کی سماعت کا نتیجہ رواں ہفتے سامنے آنے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان اپنے دلائل مکمل کرنے میں غالباً زیادہ وقت نہیں لگائیں گے۔جب کہ مریم، حسین، حسن اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈارکے وکلاء شاہد حامد اور سلمان اکرم راجا ان کے فوری بعد روسٹرم پر آجائیں گے۔جس کے بعد پی ٹی آئی کے نمائندے نعیم بخاری ان کے اٹھائے گئے نقطوں پر جواب دیں گے۔مقدمے کی روزمرہ کی سماعت کو رواں ہفتے مکمل نہیں کیا جاسکا، انہیں آئندہ ہفتے کچھ دنوں میں ختم کیا جائے گا۔ججوں نے ہر فریق کے وکلا ء کو بتایا ہو اہے کہ وہ جتنا وقت چاہتے ہیں انہیں دیا جائے گا اور ان پر اپنا موقف بیان کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے کئی دنوں میں اپنے دلائل مکمل کرنے کے بعد اپنی مرضی سے روسٹرم چھوڑا تھا۔ان پٹیشنز سے متعلق زیادہ تر امور انجام دیئے جاچکے ہیں۔دونوں فریقین کی جانب سے دستاویزی ثبوت بینچ کو فراہم کیے جاچکے ہیں۔تاہم، مدعا علیہان کے دیگر وکلاء جب اپنے دلائل دیں گے تو وہ اس کے حق میں مزید دستاویزات دے سکتے ہیں۔وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے وکلاء کی بنیادی توجہ نعیم بخاری کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر مرکوز رہے گی۔
تازہ ترین