• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں فیسٹیول، ترقیاتی کاموں سے گھنٹوں ٹریفک جام، حکومت ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں فیئرئیر ہال میں جاری کراچی ایٹ فوڈ فیسٹیول اور ترقیاتی کاموں کیلئے ٹریفک پولیس کی  جانب سے مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا۔ گزشتہ کئی روز کی طرح ہفتہ کو بھی شہر کی اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا اور ٹریفک کی روانی رات گیارہ بجے تک بحال نہ ہوسکی۔ تفصیلات کے مطابق شہر ٹریفک پولیس کی خراب منصوبہ بندی کے باعث ٹریفک جام کی صور تحال روز بد تر ہوتی جا رہی ہے۔ ہفتہ کو عبداللہ ہارون روڈ پر واقع فیئریئر ہال میں جاری کرچی ایٹ فوڈ فیسٹول میں پارکنگ کی مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث شاہراہ فیصل پر بد ترین ٹریفک جام رہا، شہریوں نےمنٹوں کا سفر کئی گھنٹوں طے کیا جبکہ متعدد ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔ ٹریفک  پولیس نے وی آئی پی موؤمنٹ  اور ایٹ فیسٹیول کی سیکورٹی کے نام پر فیئریئر ہال کی جانب جانے والی سڑک کو بند کردیا اور ٹریفک کو میڑوپول ہوٹل کی جانب موڑ دیا جو ٹریفک جام کا باعث بنا جبکہ اسکے علاوہ مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کیجانب سے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے بھی ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے شاہراہ فیصل ،ایم اے جناح روڈ،صدر،برنس روڈ، یونیورسٹی روڈ،ملیر ہالٹ روڈ ،طارق روڈ ،خالد بن ولیدروڈ، گلشن اقبال ،ناظم آباد، ناگن چورنگی ،سخی حسن نیو پریڈی اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، نیو  ایم اے جناح روڈ سمیت تمام اہم شاہریوں پر بد ترین ٹریفک جام روز کامعمول بن گیا ہے۔ دوسری جانب ہفتہ کو دو منٹ چورنگی کے قریب گرین لائن کیلئے پل کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے مزدور 25 سالہ اعظم ولد یاسین جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ کو ملنے والی ہدایات کے بعد ہفتہ کو ٹریفک پولیس نے زون ایسٹ اور ساؤتھ میں شورومز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ٹریفک پولیس ایسٹ نے خالد بن ولید روڈ پر مختلف شو رومز کیجانب سے روڈ پر کھڑی کی گئی  50سے زائد گاڑیوں کو اٹھا لیا۔ ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان کے مطابق شوروم کی گاڑیاں روڈ پر کھڑی ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شوروم مالکان کو 15روز قبل نوٹس دیا گیا تھا کہ وہ سڑک پر اپنی گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔ ٹریفک پولیس ساؤتھ نے بھی ہفتہ کو دو تلوار پر واقع شورومز کے خلاف کاروائی کی۔ ایس پی کلفٹن ذیشان صدیقی کے مطابق پولیس نے روڈ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹ بھی کیا اور شوروم مالکان کو آئندہ گاڑیوں روڈ پر کھڑی کرنے کی صورت میں کاروائی کی وارننگ بھی دی۔ 
تازہ ترین