• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی فوجی دنیا کے بہترین سپاہی ہیں، جنرل باجوہ

راولپنڈی(وقائع نگار)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین، بہادر اور پروفیشنل فوج ہے، جوانوں کا روایتی جنگ کے چیلنجز کا سامنا کرنا قابل تعریف ہے،مجھے ایک بہادر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سپہ سالار ہونے پر فخر ہے، انسداد دہشتگردی آپریشنز کے تجربے نے ہمیں  سخت جان فوج بنادیا،،آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو ایلیٹ سٹرائیک کور ملتان گریژن کا دورہ کیا ۔ انہوں نے یادگار شہداء پر ر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کور کمانڈر نے آرمی چیف کو فوجیوں کی پیشہ وارانہ تیاریوں اور سکیورٹی صورتحال کےحوالے سے بریفنگ دی ۔بعد ازاں آرمی چیف نے گریژن کے فوجیوں اور افسروں سے خطا ب کیا ۔ آرمی چیف نے فاٹا اور خیبر پختونخوا میں جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز میں ملتان کور سے فوجیوں کی شرکت کو سراہا۔ آرمی چیف نے روایتی جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے خود کو پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار رکھنے پر انکی خاص طور پر تعریف کرتےہوئے کہا کہ پاکستان آرمی کے فوجی دنیا میں بہترین ہیں ۔ فوج اپنے فوجیوں کی وجہ سے ہی جانی جاتی ہے ۔ مجھے ایک بہادر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سپہ سالار ہونے پر فخر ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے تجربے نے ہمیں دنیا کی سخت جان فوج بنادیا ہے جو آپریشنل تیاریوں میں ایک گراں قدر اضافہ ہے ۔انہوں نے افسروں اور جوانوں کو ہدایت کی کہ خود کو پوری طرح تربیت یافتہ رکھتے ہوئے ہر طرح کے خطرات سےنمٹنے کیلئے تیار رہیں ۔ملاقات کے دوران آرمی چیف جوانوں میں گھل مل گئے۔ قبل ازیں ملتان پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ 
تازہ ترین