• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی میں تیز رفتار ٹریلر الٹ گیا ، 3 افراد جاں بحق ، 2 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی قیوم آباد میں تیز رفتار ٹریلر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں گدا گر خاتون سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے ، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سےفرار ہوگیا،حادثےکے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ڈی آئی جی ٹریفک نے موقع پر پہنچ کر ہیوی مشینری کے ذریعےٹریلر کو ہٹا کرسڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ،ڈی آئی جی ٹریفک نے دعوی کیا کہ 10ویلر ٹریلر کی آمد ورفت  پر پابندی نہیں ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود  قیوم آباد کے پی ٹی فلائی اوور کے قریب تیز رفتار ٹریلر نمبر TKY-179 ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں فٹ پاتھ پر بیٹھی گداگر خاتون سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے ، حادثے کے فوری  بعد علاقہ مکینوں ، ریسکیو رضا کار اور پولیس نے موقع پر پہنچ کرٹر  یلر کو سیدھا کر کے اس کے نیچے دبی ہوئی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا،جبکہ ٹریلر الٹنے سےسڑک اور اطراف میں شدید ٹریفک جام ہوگیااور سینکڑو ں گاڑیاں تا دیرپھنسی رہیں ،پولیس کے مطابق ٹریلر کورنگی صنعتی ایریا سے کورنگی کراسنگ جارہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور فٹ پاتھ پر چڑھ گیااور  فٹ پاتھ پر بیٹھی گداگر خاتون کو کچلتا ہوا سڑک کے دوسری جانب گر گیا ،حادثے میں نامعلوم گداگر خاتون ، خان مومن ولد قاسم خان اور روبن جاں بحق اور 2 بچے رضوان اور ڈائینل زخمی ہوئے ، روبن کورنگی ناصر کالونی کا رہائشی  اور  اپنے بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ٹریلر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ موقع پر پہنچ گئے اور ہیوی مشینری کے ذریعے کنٹینر کو روڈ سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بحال کروایا ،ڈی آئی جی ٹریفک نے اس حوالے سے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میں 14ویلر اور اس سے بڑے ٹریلر  کے داخلے کے اوقات مقرر ہیں لیکن 10ویلر ٹرک پر کوئی پابندی نہیں ہے اور حادثے کا شکار ٹرک بھی 10ویلر ہے تاہم حادثے کے بعد وزیر اعلی سندھ سے رابطہ کرکے 10ویلر ٹریلر پر بھی پابندی کی سفارش کی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا ہے ،جس کی گرفتاری کے لیےعلاقہ  پولیس  چھاپہ  مار رہی ہے ۔  
تازہ ترین