• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے سیاسی مقاصد کیلئے نوازشریف کانام پاناما کیس سے جوڑا،ن لیگ

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں مریم اورنگزیب ، طارق فضل چوہدری ، دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاسی مقاصد کیلئے نواز شریف کا نام پاناما کیس سے جوڑا، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت کا ڈرا اور دھمکا رہے ہیں ۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازکے وکیل نے دلائل مکمل کرائے ہیں، عدالت میں وہی باتیں ہوئیں جو گزشتہ 9؍ ماہ سے ہورہی ہیں ، سپریم کورٹ کوسب سے پہلے کیس کے فیصلے کیلئے وزیراعظم نے خط لکھا تھابطوروزیراطلاعات میرافرض ہےسچ قوم کےسامنے رکھوں،وزیراعظم نے تمام تر استحقاق اور استثنیٰ کا کوئی حق استعمال نہیں کیا، وزیراعظم خود چاہتے ہیں کہ ان پرلگائے گئے الزامات کا فیصلہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز کو اس کیس کیساتھ جوڑا گیا ہے الزام لگایا گیا کہ لندن فلیٹس کی مریم نواز بینفشل اونر ہیں۔ عمران کل سے تاثردینے کی کوشش کررہے ہیں کہ شریف فیملی نے کوئی ثبوت جمع نہیں کرایا حالانکہ کیس سے متعلق تمام مصدقہ دستاویزات عدالت میں جمع کرائی گئی ہیں عدالت میں جائیداد اور رقوم کی منتقلی کے دستاویزی ثبوت دئیے گئے ہیں ہر پیدا ہونیوالے ابہام کا مصدقہ ثبوت پیش کیا گیا جبکہ دوسری طرف سے اخباری تراشے اور جعلی کاغذات عدالت میں دئیے گئے۔
تازہ ترین