• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا ،میرٹ پرسمجھوتہ نہیں ہو گا ، مشتاق منہاس

باغ، اسلام آباد(نامہ نگارصباح نیوز) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کا دور ایک بھیانک خواب کی مانند تھا جس میں کرپشن ،بددیانتی ،اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کا دور دورہ رہا ۔کچھ بلیوں کو اب بھی چھیچھروں کے خواب آتے ہیں مگر ان کی مراد بر آنے والی نہیں۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے دورہ میرپور و بھمبر کے دوران عوام جوق در جوق نکل آئے جو حکومت پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام جاری رکھیں گے ۔کشمیری عوام کا اعتماد ہی ہمارا سرمایہ ہے لوگوں نے21 جولائی کو بھاری مینڈیٹ دیکر ہمیں جو اعتماد دیا اس پر پورا اترنے کے لیے دن رات ایک کر دیں گے ۔بھمبر میں قبضہ مافیہ کی جانب سے ہونے والے شور شرابے کو اپوزیشن بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرے ایسے لوگوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی دکھانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔وزیر اطلاعات نے  صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں کہاکہ بھمبر میں قبضہ مافیا کے سرغنہ نے اودھم مچا کر وزیرا عظم کے دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی مگر عوام نے اسے ناکام بنا دیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو کوئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا ہم عوام کی خدمت کا علم لیکر نکلے ہیں اور انشاء اللہ اس میں ضرور کامیاب ہونگے ۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے دورہ میرپور ،بھمبر اور سماہنی کے دوران کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جس سے عوام کو سہولتیں حاصل ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم انفراسٹرکچر کمیونٹی ڈویلپمینٹ پروگرام آزادکشمیر کو بدل کر رکھ دیگا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے دور میں لوٹ مار کا ایسا بازار گرم رہا جس نے کشمیر کے بنیادی ڈھانچے کو سخت نقصان پہنچایا ۔انہوں نے کہاکہ اب بھی کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ وہی دور واپس آ جائے اور کچھ بلیوں کو چھیچھروں کے خواب آتے ہیں مگر اب وہ سیاہ دور واپس نہیں آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم کس منہ سے پریس کانفرنسیں کرتے ہیں ان کے دور میں ہمارا تمام ترقیاتی فنڈ فریال بی بی کے اکاونٹ میں جاتا رہا اور کشمیر کی ترقی کے فنڈ چوہدری ریاض کے محلوں کی نذر ہوتے رہے ۔انہوں نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر کی واضح ہدایت ہے کہ میرٹ پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے شفاف پبلک سروس کمیشن قائم کر کے نوجوانوں کے لیے برابر کے مواقع فراہم کر دئیے ہیں اب کوئی کسی کا حق نہیں مار سکتا ،مسلم لیگ ن کی حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی رہے گی اور حق دار کو اس کا حق ملے گا ۔راجہ مشتاق منہاس نے واضح کیا کہ این ٹی ایس کا مقصد ہی کمیشن مافیا کا خاتمہ ہے اب کسی بھی شعبے میں کوئی رشوت کا سوچے بھی نہ ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسترد شدہ لوگ اب جو واویلا کر رہے ہیں اس پر کوئی بھی کان نہیں دھرے گا ۔مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ باغ میں قبضہ مافیا کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ کی اراضی پر کوئی قبضے کی جرات نہیں کر سکتا،انتظامیہ قابضین کے خلاف ایکشن کرے،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی گڈ گورننس پالیسی پر ہر صورت عملدآمد کروائیں گئے۔قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں،سی پیک کے خلاف عالمی سازشیں ہو رہی ہیں،میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ، افواج پاکستان ملکی سالمیت کے لیے گرانقدر خدمات دے رہی ہیں،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں مفت علاج کی سہولت مہیا کر رہے ہیں،ہسپتال کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،نئے ہسپتال میں منتقلی کے بعد امراض قلب ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے،وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم مزید ادارے یہاں لائیں گے،  گائوں گائوں ، قریہ قریہ عوام کو صحت ، تعلیم ، رسل و رسائل ، پینے کا صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے بڑے بڑے منصوبے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی تعیناتیوں کیلئے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کا نفاذ اور نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق تقرریاں کی جائیں گی۔ تعلیمی اداروں سے بامقصد تعلیم طلباء وطالبات کو دی جائیگی۔  وزیرحکومت نے کہا کہ مودی سرکار ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ، پاکستان بطور وکیل کشمیریوں کی بھرپور وکالت کررہاہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 7لاکھ فوج نصف صدی سے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ اس کے باوجود تحریک آزادی سر د نہیں ہوئی،برہان وانی شہید کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں تحریک آزاد کشمیر ، گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ سفارش اور رشوت کلچر کا خاتمہ کر دیاہے۔ تمام تقرریاں میرٹ پر کی جائیں گی۔تعمیروترقی کا آغاز ہو گیاہے اور پانچ سالوں کے دوران عوامی ضروریات وسائل کے مطابق پوری کرینگے۔ تعلیم و تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائی۔
تازہ ترین