• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاضی ماجد علی کی کتابوں میں روح عصر موجود ہے، آغا رفیق احمد خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز قانون دان آغا رفیق احمد خان نے کہا ہےکہ قاضی ماجد علی کی کتابوں میں روح عصر موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جیم خانہ کی لائبریری کمیٹی اور روٹری کلب کہکشاں کے اشتراک سے قاضی ماجد علی ایڈووکیٹ کی دو کتابوں ’’ہو کیوں فطرت میں چنگیزی‘‘ اور ’’روح مطئمنہ‘‘ کی تعارفی تقریب کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ دیگر مقررین میں جسٹس (ر) قاضی خالد علی، ڈاکٹر عبید احمد خان، ڈاکٹر جلال الدین نوری، ڈاکٹر محمد احمد قادری، عرفان قریشی اور بیرسٹر دانش قاضی شامل ہیں۔ آغا مسعود حسین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ آغا رفیق احمد خان نے کہاکہ قاضی ماجد علی نے یہ کتاب لکھ کر دین اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کی ہے۔ دونوں کتابوں میں شامل مواد نہایت معلوماتی ہے۔جسٹس (ر) قاضی خالد علی نے کہاکہ یہ کتاب ایک بہترین علمی تحفہ ہے۔ ڈاکٹر جلال الدین نوری نےکہاکہ کتاب نہ صرف موضوع کے اعتبار سے بہترین ہے بلکہ اس کی پیشکش بھی شاندار ہے یہ ایک ایسا موضوع ہے جسے پڑھنے والے سنجیدگی سے لیں تو معاشرے میں ایک خوشگوار اور مثبت تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے اس کتاب میں زبان آسان اور سادہ ہے اس سے کم تعلیمیافتہ بھی استفادہ کر سکتا ہے۔ مصنف قاضی ماجد علی ایڈووکیٹ نے کہاکہ میں عالم دین ہوں اور نہ مولوی لیکن میں نے قلم سچے جذبے کے تحت اٹھایا ہے میرے اندر ایک بے قراری تھی جو کتاب لکھ کر دور ہوئی۔ یہ کتاب ضرور زندگیوں میں تبدیلی لائے گی۔ میں ان تمام مقررین کا مشکور ہوں جنہوں نےمیری کتابوں کے حوالے سے گرانقدر خیالات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین