• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جائیداد سروے کیلئے ٹیکنالوجی جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم استعمال ہوگا،مکیش کمار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے کہاہے کہ صوبہ سندھ میں جائیداد سروے کے لئے جدیدترین ٹیکنالوجی جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کا استعمال کیا جائے گا اور اس کے ساتھ دروازے سے دروازے تک کا سروے کیا جائے گا تاکہ کوئی کمی نہ رہ جائے۔یہ بات آج انہوں نے منگل کواپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہاکہ جائیداد سروے کے لئے سکھر کو ماڈل سٹی بنایا جائے گا اور سکھر کے بعد اس منصوبے کو بتدریج پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا۔اس موقع پر اجلاس کو سیکریٹری عبدالحلیم شیخ نے بتایا کہ جائیداد سروے کو جدید خطوط پر کرانے کیلئے بین الاقوامی شہرت رکھنے والے ادارے کے ساتھ معاملات آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی ایک ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلے جائیداد سروے کو ایک مناسب وقت گذر چکا ہے اور جدید خطوط پر جائیداد سروے سے نہ صرف جامع ڈیٹا میسر آسکے گا بلکہ ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت کی کہ وہ متوقع جائیداد سروے کے لئے افسران کی جدید خطوط پر تربیت کا انتظام کریں تاکہ سروے کا کام احسن طریقے سے انجام دیا جاسکے۔
تازہ ترین