• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپین میں تارکین وطن کے حق میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ

بارسلونا (شفقت علی رضا) تارکین وطن کو پناہ دینے کے حوالے سے یورپی ممالک اور دنیا کی بڑی طاقتوں کے سخت قوانین کے خلاف بارسلونا میں لاکھوں ہسپانوی باشندوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق سپین میں فلاحی تنظیمات اور ایسوسی ایشنز کے زیر اہتمام بارسلونا کی مصروف ترین سڑک ’’ویا لاتانا‘‘ پر تارکین وطن کو یورپی ممالک میں داخلے کے حوالے سے بنائے جانے والے سخت قوانین کے خلاف لاکھوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ ہمارا گھر آپ کا گھر ہے۔ شرکا نے ٹرمپ کی اسلام مخالف پالیسیوں اور سات اسلامی ممالک کے باشندوں کی امریکہمیں انٹری کی پابندی پر بھر پور الفاظ میں تنقید کی۔ روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ آج دُنیا بھر کے مہاجرین کے یورپی ممالک اور دوسری بڑی طاقتوں میں داخلے کے حوالے سے بنائے جانے والے سخت قوانین کی لاکھوں افراد نے مخالفت کی ہے اور اس احتجاجی مظاہرے کے ذریعے تمام تارکین وطن کو پیغام دیاہے کہ وہ ہمارے گھروں میں آکر رہیں کیونکہ ہمارے گھر اُن کے اپنے گھر ہیں ۔اس موقع پر شرکا نے ہسپانوی حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، مہاجرین کے حق میں ہونے والا یہ مظاہرہ یورپی ممالک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑا تھا جس میں تقریباً پانچ لاکھ افراد اپنے بچوں اور خواتین سمیت شریک ہوئے۔
تازہ ترین