اسلام آباد (نمائندہ جنگ، این این آئی ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت تجارت کے لیے بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے بھارتی رہنماؤں کی بیان بازی علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے ، پاک بھارت تجارتی پالیسی تبدیلی سے متعلق فی الحال کوئی خبرنہیں اور کسی فرد کو بھارت سے تعلقات کیلئے کوئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی.
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ایرانی صدرکے دورے میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن کا معاملہ زیر غور آیا، ہمارے مشترکہ اعلامیے میں بھی اس بات کی عکاسی کی گئی.
پاکستان اور ایران نے توانائی وبجلی کےحوالے سے امورپربھی غورکیا، ہم نے امریکاکا بیان دیکھا، اپنی توانائی کی ضروریات پر امریکا سے رابطے میں ہیں۔