• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لنکا شائر لئٹنگ نے جنید خان کودوبارہ اپنی ٹیم میں شامل کرلیا

لندن ( نیوز ڈیسک)پاکستان کے فاسٹ بولر جنید خان کو انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے لنکاشائر لائٹننگ نے اپنی ٹیم میں پھر سے شامل کیا ہے۔جنید خان نے ریڈ روز کاؤنٹی کو 2011 اور 2014 میں فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔پاکستان کے 27 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ وہاں ایک بار پھر جانا اور چند انعامات حاصل کرنا بہت خوش کن ہوگا۔جنید خان نے 22 ٹیسٹ، 56 ایک روزہ اور نو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔انھوں نے سنہ 2011 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔جنید نے 2015 میں مڈل سیکس کی نمائندگی کی تھی اور وہ لنکاشائر کے تمام گروپ میچوں اور ناک آؤٹ سٹیج کے لیے دستیاب ہوں گے۔انھوں نے کہاکہ میں جب سنہ 2011 اور 2014 میں لنکا شائر کھیلنے کے لیے آیا تھا تو سارے کلب نے میرا خیر مقدم کیا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ اس دوران میں نے جو تجربہ حاصل کیا اس نے میری سوئنگ اور سیم کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔لنکا شائر کے ہیڈ کوچ گلین چیپل نے جنید کو ٹیم کا مقبول کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے ٹیم کی بولنگ میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔گلین چیپل نے کہا کہ جنید کو ٹیم سے بہت جلدی ہم آہنگ ہو جانا چاہیے کیونکہ وہ ٹیم کے بہت سے افراد کو پہلے سے جانتے ہیں اور آخری اوورز میں ان کی بولنگ ہمارے لیے بڑی اہم ہوگی۔بی بی سی لنکاشائر ریڈیو نے کہا کہ جنید کا پہلے دو بار ٹیم میں ہونا بہت کامیاب تھا۔وہ 2011 میں کھیلے جانے والے آٹھ مقابلوں میں شامل ہوئے جن میں سے سات میں جیت حاصل ہوئی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری بار انھوں نے دس میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور دونوں بار ٹیم فائنل میں پہنچی۔
تازہ ترین