• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیک میل نہیں ہونگے، پی ایس ایل فائنل ہر حال میں لاہور میں ہوگا، شہریار

لاہور (نمائندہ جنگ ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور  پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہر حال میں لاہور میں ہوگا ۔قذافی اسٹیڈیم  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فائنل کے انعقاد کے لئے ہمیں حکومت ، رینجرز ، پولیس اور انٹیلی ایجنسیز کا تعاون حاصل ہے ۔ گزشتہ کئی سالوں سے لاہور میں زمبابوے کے علاوہ کوئی بڑی ٹیم پاکستان نہیں آئی تاہم پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پی سی بی کے لئے بہت اہم ہے اور ہم فائنل کو کامیاب طریقہ سے انعقاد کروانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر پوری دنیا میں مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے حالات ٹھیک ہیں اور اس کے بعدآہستہ آہستہ انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوجائیں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں شہر یار خان نے بتایا کہ حکومت کو فائنل کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا تھا اور حکومت نے ہمیں فائنل کے انعقاد سے نہیں روکا ہے ۔ انہوں نے کہا ملک بھر میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کا زیادہ تر نشانہ سیکورٹی آفیشلز ہیں ۔ لاہور میں فائنل کے انعقاد میں سیکورٹی کا خطرہ تو ہے لیکن ہمیں اپنی سیکورٹی اداروں پر پورا یقین ہے کہ وہ نہ صرف ایونٹ بلکہ تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھیں گی ۔ شہر یار خان نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے والے 50 فیصد کھلاڑیوں نے لاہور میں فائنل کھیلنے کی یقین دہانی کروادی ہیں ۔ ان کو وی وی آئی پی سیکورٹی کا یقین دلایا ہے ۔ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لئے تماشائی بہت پرجوش ہیں اور ہم پر ٹکٹیں اور پاسز کے لئے بہت دبائو ہے اور آئندہ چند دنوں میں پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت کے بارے میں اعلان کردیا جائے گا کہ ٹکٹیں کہاں سے ملیں گی۔
تازہ ترین