• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالج پارک بے ضابطگیاں،شہبازشریف کا خلاف ضابطہ بھرتی افراد کو ملازمت سے نکالنے کا حکم

 لاہور( جنرل رپورٹر )و زیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف  نے لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اورخریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میرٹ کے برعکس تمام بھرتیاں فی الفور منسوخ کرنے اورقواعد و ضوابط کے برعکس خریداری کے عمل کو بھی فوری طورپر روکنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے خلاف ضابطہ بھرتی ہونیوالے افراد کو ملازمت سے فوری طورپرنکالنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہورنالج پارک کمپنی پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔شہباز شریف نے یہ فیصلے  منگل کے روز یہاں4 گھنٹے طویل اجلاس  کے دوران کئےجس میں لاہور نالج پارک کمپنی کے مختلف امورکا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اورخریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی ۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر جگہ میرٹ اورشفافیت کو فروغ دیا ہے اورمیں نے آج تک میرٹ اورشفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،اس لئے سرکاری افسران کو میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں جو ان میں خیانت کرے گااسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ سرکاری افسران قواعد و ضوابط کی پابندی ہر صورت یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ 7روز کے اندر لاہورنالج پارک کمپنی میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے حتمی رپورٹ پیش کی جائے اورغفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ۔سرکاری کمپنیوں کے امورکا متعلقہ محکمے خود جائزہ لیں ۔میرٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ محکمے کے سیکرٹریز اور کمپنیوں کے بورڈ ممبران ذمہ دار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ  اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس میں شفافیت اوراعلی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ہماری شفافیت کی پالیسی پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔ شہباز شریف کی زیر صدارت  گزشتہ روز  صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس  ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال کا جائز ہ لیا گیا- اجلاس میں دھماکوں میں شہید ہونے والے پولیس افسروں، جوانوں اور دیگر افراد کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پوری قوم شہید ہونے والے پولیس افسروں ، جوانوں اور دیگر افراد کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا ہے-انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے - دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اتحاد و اتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے - انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح ہو نہیں سکتی - انہوں نے کہا کہ اتحاد کی قوت سے امن کے دشمنوں کو شکست دیں گے اور شہداء کے قیمتی خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے -اجلاس میں اینٹی گریٹڈکمانڈکنٹرول اینڈ کمیونیکیشن میں تعینات عملے کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی عالم داد لالیکا نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ  نے اس موقع پر  کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ محروم  طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام کیا گیا ہے۔  میگا پراجیکٹس سے عوام کو ریلیف ملا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم  نواز شریف کی قیادت میں لگنے والا ہر منصوبہ شفافیت ، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کا اعلیٰ شاہکار ہے۔ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے حکومتی کاوشیں بارآور ثابت ہوئی ہیں۔ پنجاب حکومت کی شفافیت ، اچھی طرز حکمرانی اور شاندار کارکردگی کے عالمی ادارے بھی معترف ہیں۔ شہبازشریف نے چارسدہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔   
تازہ ترین