• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی حادثات سے متعلق معاہدے میں توسیع، بھارت کا پاکستانی تجویز سے اتفاق

اسلام آباد(ماریانہ بابر) جوہری حادثات سے متعلق خطرے کو کم کرنے کے لئے دو طرفہ معاہدے میں توسیع کے لئے بھارت نے پاکستان کی تجویز سے اتفاق کرلیا ہے۔ یہ معاہدہ پانچ سال کی مدت کے لئے ہوگا، جو 2017 سے 2022 تک موثر رہے گا۔ یہ معاہدہ 2007 میں نافذ العمل ہوا تھا اور 2012 میں اس میں پانچ سال کے لئے مزید توسیع کی گئی تھی۔ یہ معاہدہ پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری اعتماد کی تعمیر کے اقدامات کا حصہ تھا۔ اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ دونوں ممالک کے مابین امن و سلامتی کے مستحکم ماحول کو فروغ دیا جائے۔ دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ اس باہمی معاہدے کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے طور پر دفتر خارجہ کے سفارت کاروں اور بھارت کی وزرات خارجہ نے دونوں ممالک کے ہائی کمیشن کے ساتھ معاہدے کی توسیع کے اعلان تک رابطہ برقرار رکھا۔ اپنی جوہری پالیسی کے معاملے میں یکم جنوری 2017 کو دونوں ممالک نے باہمی معاہدے کے تحت مسلسل 26 ویں برس جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے لئے ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کی ممانعت ہے۔  
تازہ ترین