• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ایس ایس امتحان کیلئے اردو کے مضامین کی تفصیلات طلب

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سی ایس ایس کے امتحان کے لئے  جامعات سے اردو میں پڑھائے جانے والے مضامین کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر نصاب سیدہ صنوبر رضوی کی جانب سے ملک بھر کی جامعات کے سربراہوں کو اس حوالے سے خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے سی ایس ایس کے امتحانات میں جامعات سے انڈر گریجویشن کی سطح پر اردو میں پڑھانے جانے والے لازمی اور اختیاری مضامین کی تفصیلات مانگی ہیں۔ خط میں انھوں نے کمیشن سے  دو سوالات کے جواب مانگے ہیں جس میں پوچھا گیا ہے کہ سی ایس ایس کی سطح پر بالخصوص گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن میں سائنس کے مضامین اردو میں پڑھائے جا رہے ہیں ؟۔ دوسرے سوال میں کہاگیا ہے کہ اگر فیڈرل پبلک سروس کمیشن امیدواروں کو اردو میں امتحان دینے کی اجازت دیدے تو کیا امتحان لینے والے اردو اور اس کی اصطلاحات یا  ٹرمنالوجیز  سے واقف ہوں گے؟۔ ماہر تعلیم اور جامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار اور خادم علی شاہ بخاری انسٹیٹیوٹ کراچی کے ریکٹر پروفیسر رئیس علوی نے کہاکہ سی ایس ایس کے امتحانات اردو میں لینا خوش آئند ہے کیونکہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام کا بھی کہناتھا کہ ٹرمنالوجیز یا اصطلاحات بنیادی طور پر انگریزی زبان کے نہیں یہ لاطینی، رومن اور فرنچ زبانوں سے لی گئی ہیں لہٰذا ٹرمنالوجیز یا اصطلاحات اسی طرح اردو میں بھی اختیار کریں جیسا انگریز نے کیا اور اصطلاحات کے ترجمے کی صورت میں اردو کو امتحانی زبان بنانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
تازہ ترین