• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصورانہ خطاطی محنت طلب فن ہے ،آرٹسٹ عمران الٰہی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ممتازمصور اور کیلی گرافک آرٹسٹ عمران الہٰی نے کہا ہے کہ دور حاضر میں روایتی طرز کے بجائے مصورانہ خطاطی کے رحجان میں اضافہ ہورہا ہے ، جو خوش آئند ہے کیونکہ قبل ازیں ہمارے یہاں عام طور پر روایتی خطاطی کی جاتی تھی ،جس میں طغرہ کی تیاری ہی کو زیادہ اہمیت دی جا تی تھی، لیکن اب اسے کیلی گرافی کا اسلوب دیدیا گیا ہے ۔یہ بات انہوں نے مقامی گیلری میں خصوصی گفتگو میں کہی ۔ مصور عمران الہی کا تعلق لاہور سے ہے، انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹ سے گریجویشن کیا ہے، ان کے فن پاروں کی نمائش اندرون اور بیرون ملک مختلف گیلریز میں ہو چکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بلا شبہ یہ ایک مشکل اور محنت طلب فن ہے ، جس میں آرٹسٹ کو تحقیق اور جستجو کی ضرورت ہوتی ہے ۔ پینٹنگز میں آرٹسٹ کا جدید انداز فن پاروں کو انفرادیت اور پرکشش بناتا ہے۔،ہمارے یہاں صادقین، چغتائی، اللہ بخش، ایرانی اوردیگر اس شعبہ کے اساتذہ کے درجے پر فائز ہیں جن کے کام کی اسٹڈی اور سمجھنے سے نوآموز آرٹسٹ اپنے کام میں عبور حاصل کرتے ہیں ۔انہوں مزید بتایا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ واٹر کلر ایک مشکل میڈیم ہے کیونکہ اس کی نسبت چارکول میڈیم میں تصویر سازی کے لیے مہارت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
تازہ ترین