• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفاری پارک میں فن ورلڈ اور دیگر تفریحی سہولتوں کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے سفاری پارک میں بنائے گئے سفاری فن ورلڈ اور دیگر تفریحی سہولتوں کا افتتاح کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مہینے میں ایک دن فن ورلڈ اور بچوں کے جھولوں کو شہر کے کسی ایک علاقے سے اسکول کے لئے مفت کیا جائے تاکہ ان بچوں کو بھی یہاں تفریح کے مواقع ملیں جو مہنگی تفریح کے متحمل نہیں ہوسکتے،اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس، ڈائریکٹر سفاری پارک کنورایوب اور دیگر افسران بھی  ہمراہ تھے۔  ڈپٹی میئر نے  کہا کہ خاص طور پر کم آمدنی والے علاقوں مثلاً لیاری ، کورنگی اور اورنگی وغیرہ سے اسکولوں کے بچوں کو یہاں تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں،انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں رکھے گئے جانوروں اور پرندوں کو قدرتی ماحول مہیا کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے ٹیم بنالی ہے جلد اس پر کام شروع ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں مزید پانچ لاکھ درخت لگنے چاہئیں تاکہ مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے قابل ہوسکیں شہریوں کو جلد ہر طرف پھول، پودے، سبزہ ، شفاء خانے اور پارکس نظر آئیں گے، ڈپٹی میئر کراچی نے سفاری پارک میں بنائی گئی خوبصورت جھیل، فوارے اور آبشار کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ ان تمام سہولیات کو مزید بہتر سے بہتر بنانے پر کام جاری رکھا جائے۔
تازہ ترین