• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی راہداری کا مقصد عوام کی فلاح ہے،اہلیہ چینی سفیر

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر کی اہلیہ ڈیانز باؤ نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا مقصد ہے اور پورے جنوبی ایشیاءخطہ کے عوام کو اس سے فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی بلوچستان کی طالبات پر مشتمل 21 رکنی وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ یہ وفد بالخصوص یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جمیل کی طرف سے یونیورسٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس صدف خان کی قیادت میں بھجوایا گیا تھا۔ چینی سفیر کی اہلیہ نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چین ہونہار پاکستانی طلباءکو ہر سال تعلیمی وظائف کی پیشکش کر رہا ہے۔ طلباءایکسچینج پروگرام ہماری تعلیمی تعاون پروگرام کا کلیدی حصہ ہے اور ہم اپنے اس پروگرام کو پاکستان کے تمام صوبوں کے طلباءتک وسعت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی دلیر بیٹیوں کی چینی سفارتخانہ میں میزبانی میرے لئے باعث اعزاز اور مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی چین کے خود مختار علاقہ شنجیانگ اوئی گور سے خاصی مشابہت ہے اور دونوں صوبوں کی یونیورسٹیوں کو ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈیانز باؤ نے کہا کہ چین- پاکستان تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو متحد کرنے میں مدد ملے گی اور تعلیمی راہداری کے تحت تعلیمی وظائف کے ذریعے یہ تعلقات آئندہ دنوں میں مزید پختہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایشیائی عوام میں اپنی مشترکہ تاریخ شاندار مستقبل اور اس طرح کے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے جس سے ایشیائی ممالک میں ہم آہنگی اور اتحاد پیدا ہوگا۔ اس موقع پر مختصر ڈرامہ ”ٹریژر“ پیش کیا گیا جو سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی بلوچستان کی طالبات کی طرف سے فلمایا گیا تھا۔ بعدازاں وفد نے چین کی پینٹنگ، مصوری، چائے بنانے اور کاغذ کی کٹائی کی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔  
تازہ ترین