• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عمران خان نے غیر ملکی کرکٹ کے کھلاڑیوں کو جو پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ کھیلنے لاہور آئے تھے کو پھٹیچر قرار دے دیا۔ لفظ پھٹیچر کا مطلب کیا ہے۔ اردو زبان کی ڈکشنری میں تو یہ لفظ نظر نہیں آتا۔ شاید کبھی ایسا ہوا ہوگا کہ کوئی شخص پھٹے پرانے کپڑے ، پھٹے پرانے جوتے پہنے ہوئے ہوگا جسے دیکھ کر کسی دوسرے شخص کی زبان سے لفظ پھٹیچر نکل گیا ہوگا۔ بہرحال اب یہ لفظ ہمارے ملک اور معاشرے میں بولا جاتا ہے اور جس سے مراد ایک ایسا شخص ہوتا ہے جس کے پاس کچھ بھی نہ ہو۔لیکن آج کل کھلاڑیوں کے پاس تو سب کچھ ہوتا ہے۔ اب کھلاڑیوں کے پا س بے تحاشہ پیسہ ہوتا ہے۔ عمران خان خود کہتے رہتے ہیں کہ ان کے پاس جو دولت اور جائیداد ہے وہ سب انہوں نے کرکٹ کھیل کے حاصل کی ہے جبکہ جس زمانے میں عمران خان کرکٹ کھیلتے تھے اس زمانے میں اس کھیل میں اتنا زیادہ پیسہ نہیں تھا۔ اب ٹی۔20کے ٹورنامنٹ ہوتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی طرح دنیا کے کئی ملکوں میں کرکٹ لیگ ہوتی ہے جس سے کرکٹرز لاکھوں کروڑوں روپے کماتے ہیں۔ یوں سمجھ لیں کہ عمران خان نے دس سال کرکٹ کھیل کے جتنے پیسے کمائے ہوں گے اتنے پیسے آج کے کرکٹرز ایک سال میں کھیل کے کمالیتے ہیں تو پھر پھٹیچرکیسے ہوسکتے ہیں؟ حالیہ پاکستان سپر لیگ میں جن کھلاڑیوں نے اور خاص کر غیر ملکی کرکٹرز نے حصہ لیا انہوں نے کروڑوں روپے کمائے۔ پھر جو غیر ملکی کرکٹرز فائنل میچ کھیلنے لاہور آئے انہوں نے پاکستان میں ایک دن قدم رکھنے کے پچاس لاکھ روپے اضافی وصول کئے۔ اس کے علاوہ انہیں سربراہ مملکت کے برابر پروٹوکول اور سیکورٹی بھی حاصل تھی۔اب اگر کروڑ پتی اور ارب پتی لوگ پھٹیچر ہو سکتےہیں تو پھر تو ہم یہی دعا کرسکتے ہیں کہ اے اللہ اپنے تمام بندوں کو ایسا پھٹیچر بنادے۔ (خالد جلیل۔کراچی)

.
تازہ ترین