• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن عزیز کو خوشحال بنانے کیلئے اوورسیز پاکستانی پرعزم ہیں،سردار اسد خان بلوچ

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) ساہیوال کے میئر سردار اسد خان بلوچ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز سچے محب وطن ہیں اور اپنے وطن کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنے کے لئے ہمیشہ پرعزم رہ کر کوشش کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راچڈیل ساہیوال کے تاریخی لنک کو نئے جذبے سے جاری رکھا جائے گا اور اس لنک کے ذریعے برطانیہ اور پاکستانی ملٹی کلچر ملٹی فیتھ کمیونٹی کو مزید قریب لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے وطن، اپنے آبائی شہر کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر کے معروف بزنس مین چوہدری سجاد رفیق کی طرف سے ولبراھم روڈ چولٹن میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرمانچسٹر اور راچڈیل کے معروف سماجی اور بزنس کمیونٹی رہنما جن مین راچڈیل ساہیوال مانچسٹر فرینڈز کے صدر چوہدری نصیر احمد، مسلم لیگ ن برطانیہ کے کوآرڈینیٹر حاجی عبدالغفار، ہول سیلرز ویلفیئر کے چیئرمین چوہدری سعید عبداللہ، کونسلر آفتاب رزاق، انٹرنیشنل انوسٹمنٹ فورم کے چیئرمین چوہدری مسرت علی، محمود فائونڈیشن کے سربراہ چوہدری طاہر محمود، شفقت رسول، راچڈیل کے سابق میئر سردار سلطان علی ڈوگر، چوہدری محمد اسلم نائلن، ڈاکٹر امجد خان، چوہدری وحید گرمالہ، محمد رفیق، عطا محمد، آصف چوہدری کے علاوہ دیگر رہنما موجود تھے۔ میئر آف ساہیوال سردار اسد بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام اب عوامی خدمت کر رہا ہے اور ہمارے قائدین خصوصاً پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف صوبے کی ترقی اور عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ سردار اسد بلوچ نے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا میں ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے تاہم مسائل بھی موجود ہیں جنہیں ہر سطح پر حل کرنے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں خاص طور پر ساہیوال کی ترقی کے لئے وہاں کے رہنے والے تارکین وطن سرمایہ بھی لگائیں اور وہاں پر قائم فلاحی اداروں کی سرپرستی کریں۔ راچڈیل ساہیوال مانچسٹر کے صدر چوہدری نصیر احمد نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی بھرپور کوششیں کیں اور آئندہ بھی کریں گے راچڈیل ساہیوال ایک تاریخی لنک ہے اس کو ترقی دینا چاہئے تاکہ دونوں ملکوں کے رہنے والوں کے رشتے مزید مضبوط ہوسکیں۔ المحمود فائونڈیشن جس نے ساہیوال میں ٹروما ہسپتال اور صاف پانی فلٹریشن پلانٹ نصب کیا ہے،انہوں نے کہا کہ وہ مزید فلاحی کام کرنے کیلئے تیار ہیں مسلم لیگ ن برطانیہ کے کوآرڈینیٹر اور معروف بزنس مین حاجی عبدالغفار نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں اور ہر ممکن فلاحی کاموں میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ ہول سیلرز ویلفیئر کے چیئرمین چوہدری سعید عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی ہم سب خاص طور پر عالم اسلام کی عظمت کا ذریعہ ہے، ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہئے، انہوں نے میئر آف ساہیوال کے عوامی خدمات کے جذبات کو بے حد سراہا۔ انٹرنیشنل انوسٹمنٹ فورم کے چیئرمین چوہدری مسرت علی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور اب یہ ملک ترقی کرے گا۔ کونسلر آفتاب رزاق نے میئر آف ساہیوال کا مانچسٹر آمد پر خیر مقدم کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی راچڈیل کے سابق میئر سردار سلطان علی نے کہا کہ راچڈیل ساہیوال لنک کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ میزبان اور بزنس کمیونٹی رہنما چوہدری سجاد رفیق نے سردار اسد بلوچ کے ساہیوال کی ترقی کے جذبے کو سراہا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین