• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردم شماری کے اعداد و شمار کی تصدیق ، شماریات ڈویثرن اور نادرا میں اصولی اتفاق

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) مردم شماری کے اعداد وشمار کی تصدیق کیلئے شماریات ڈویژن اور نادرا کے مابین اصولی اتفاق ہو گیا ، مردم شماری کے افراد کی تعداد اور تصدیق کے اخراجات کے معاملات طےہونا باقی ہیں جن پر آج اتفاق ہو جائے گا ،ذرائع کے مطابق شماریات ڈویژن میں نادرا حکام کے ساتھ پیرکو اجلاس ہوا جس میں مردم شماری کے دوران مشکوک افراد کے اعداد وشمار کی تصدیق کے حوالے سے غور کیا گیا ، نادرا میں ملک کی 13کروڑ افراد کی رجسٹریشن موجود ہے اور اس کی تصدیق کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا ، امکان ہے کہ 20لاکھ افراد کے اعداد شمار کی نادرا سے تصدیق کرائی جائے گی اور اس کیلئے نادرا کو ایس ایم ایس بھیجا جائے گا ،فی ایس ایم ایس کے چارجز طے ہونا باقی ہیں  ، ذرائع کے مطابق  تین لاکھ سے زیادہ آئی ڈی پیز کی بھی نادرا میں رجسڑیشن ہے جن کی مردم شماری کے دوران نادرا سے تصدیق کر ائی جائے گی ،  شماریارت ڈویژن کے ترجمان حبیب اللہ خٹک نے تصدیق کی ہے کہ مردم شماری کے ڈیٹا کی تصدیق کیلئےنادرا کے ساتھ زیادہ تر امور طے ہوگئے ہیں اور صرف تعداد اور اخراجات کے معاملات طے ہونا باقی ہیں جن پر آج اتفاق متوقع ہے ،شمالی و جنوبی وزیر ستان میں مردم شماری  دوسرے مرحلے میں کی جائیگی اور اس کیلئےوہاں کے ارکان اسمبلی اور زعماکے ساتھ صوبائی حکومت کے مذاکرات ہوئے ہیں ، حبیب اللہ خٹک کے مطابق زیادہ تر آئی ڈی پیز اپنے علاقوں میں چلے گئے ہیں اور ان کی مردم شماری ان کے علاقوں میں ہی کی جائیگی ، مردم شماری کے فارم  کی فوٹو کاپی کے استعمال کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ کراچی کے بعض علاقوں میں ایسا کیا گیا ، جہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے فیلڈ عملے کی سرزنش کی گئی جبکہ فوٹو کاپی کرنیوالی مشین قبضے میں لے لی گئی ہیں اور دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، انہوں نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے دوران ملک کے 63اضلاع میں مردم شماری کا عمل پرسکون انداز سے جاری ہے اور کسی جگہ کوئی مشکل پیش نہیں آئی لوگ مردم شماری کے عملے سے مکمل تعاون کر رہے ہیں ۔
تازہ ترین