• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور سوئس حکام نظر ثانی شدہ ٹیکسیشن معاہدے پر آج دستخط کرینگے

 اسلام آباد(مہتاب حیدر) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ’’اصولی موقف‘‘ اپنانے کے بعد پاکستانی اور سوئس حکام آج اسلام آباد میں ڈبل ٹیکسیشن معاہدے سے گریز پر نظر ثانی شدہ کنونشن پر دستخط کرینگے جسکے بعد پاکستانی حکام سوئس بینکوں میں موجود 200ارب ڈالرکی غیر ٹیکس شدہ رقم کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیںگے، نظر ثانی شدہ معاہدے کو دستخط  سےروکنے کےلئے ٹال مٹول کے حربوں کا دانستہ طور پر استعمال کیاگیا تاہم سرکاری سطح پر متعدد بار ابلاغ کے بعد آخر کار دونوں ممالک آج نظر ثانی شدہ معاہدے پر متفق ہیں جس پر سوئس سفیر اور چیئرمین وفاقی ریونیو بورڈ ڈاکٹر محمد ارشاد 3بجے سہ پہر دستخط کرینگے، پاکستان میں عام طور پر یقین کیا جاتاہےکہ کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی رقم سیاست دانوں ، بیوروکریٹس اور دیگر افراد نے سوئس بینکوں میں رکھی ہوئی ہے جو 50ڈالر سے لیکر 200ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ لہٰذا اب وزیر اعظم نواز شریف نے صدر ممنون حسین کو ایک سمری بھیجی ہے جس میں پاکستان کی جانب سےسوئٹزرلینڈ کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور نظر ثانی شدہ ڈبل ٹیکسیشن معاہدے پر دستخط کےلئے چیئرمین ایف بی آر کو اختیار دینے کے لیے کہا گیا ہے، مذکورہ معاہدے کے بعد سوئس حکام پوچھی گئی تمام معلومات بشمول حساس بینک اکائونٹس کی تفصیلات دینے کے پابند ہوںگے، مذکورہ کنونشن کے آپریشنل ہونے کے بعد غیر ٹیکس شدہ رقم کو ایسے ممالک میں رکھنا ناممکن ہوجائیگا،پاکستان معلومات کے تبادلے سے فوائد اٹھاسکے گا اگر مطلوبہ معلومات حاصل کرنے کےلئے مناسب ’’ہوم ورک‘‘ کیا گیا ہو، اس معاہدے کے بعد پاکستان سرمایہ کاری اور آف شور اکائونٹس کی ٹیکس معلومات کے تبادلے پر عالمی فارم کا رکن بن جائیگا۔
تازہ ترین