• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ انتخاب بھرپور اندازسے لڑینگے،لاہور کو مرکز بنائوں گا ،زرداری

لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخاب بھرپور اندازسے لڑیں گے بتائیں گے الیکشن کیسے لڑا جاتاہے، پنجاب میں آکر بیٹھ گئے ہیں ،جس وقت کاانتظارتھاوہ آگیا ہے۔ انہوں نے عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابی مہم میں لاہور کو مرکز بنائوں گا ۔پوری انتخابی مہم میں لاہور مرکزہوگا پورے ملک میں جائوں گا مگرلوٹ کرلا ہور آئوں گا،گزشتہ الیکشن ہمیں لڑنے نہیں دیا گیا تھا۔وہ پی پی پی پنجاب پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے گفتگو کر رہے تھے۔ دریں اثناء پیپلزپارٹی نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی ہے معلوم ہوا ہے کہ بلاول پنجاب میں جلسے کرینگے،جبکہ زرداری انتخابی ایڈجسٹمنٹ وغیرہ کے امورسنبھالیں گے۔پنجاب بھر میں بلاول بھٹو کے سیاسی جلسوں کی منظوری دیدی ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈویژن اور دوسر ے مرحلے میں ضلع کی سطح پر جلسے ہونگے۔ جن ڈویژ نو ں میں تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں وہاں جلسوں کا شیڈول دیدیا جائیگا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے سیاسی میدان سجائے گی ۔ آصف علی زرداری پنجاب بھر کے اضلاع میں سیاسی رابطے کرینگے۔ سیاسی جما عتوں سے تعاون ، انتخابی ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور کو براہ راست آصف علی زرداری دیکھیں گے۔ آصف علی زرداری نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے وسیع مشاور ت کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیدی ہے۔ سیاسی جما عتو ں سے ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فوری رابطوں کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہےجبکہ جلسوں کا محاذ بلاول بھٹو سنبھالیں گے۔ پارٹی رہنمائوں نے قیادت کو بلاول ہائوس لاہور کو سیاسی سر گرمیوں کا مرکز بنانے کی بھی تجویز دیدی ۔ میاں منظور احمد وٹو ، قمر زمان کائرہ ، چودھری احمد مختار ، نواز کھوکھر، ثمینہ خالد گھرکی ، حاجی عزیز الرحمن چن ،ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھر اوردیگر رہنمائوں کے ساتھ مشاورتی ملاقات میں طے کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اب بھرپور انداز سے سیاسی محاذ گرم کریگی۔
تازہ ترین