• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین و قانون سپریم ہے،کوئی ادارہ روگردانی نہیں کرسکتا،جسٹس قاضی امین

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس قاضی محمد امین نے قرار دیا ہے کہ پاکستان کا آئین و قانون سپریم ہے۔کوئی حکومتی ادارہ آئین سے روگردانی نہیں کرسکتا۔ہم سب آئین اور عوام کے خادم ہیں۔عدالت عالیہ نے یہ ریمارکس مقدمہ قتل میں ملزم کی شناخت پریڈ کے مروجہ طریقہ کار پر عملدرآمد نہ ہونے اور ذمہ دار پولیس افسر کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی کی سرزنش کرتے ہوئے جاری کئے۔ انہو ں نے کہا کہ جیلوں،بنکوں اور سکولوں تک کی سیکورٹی گارڈز کےذ مہ کرکے پولیس کے پاس کام کیلئے بچا کیا ہے۔ایس او پی کے تحت ملزم کی شناخت پریڈ کیلئے اب سی پی او خود جیل جائیں۔عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئی جی پنجاب سے رابطہ کرکے معلوم کریں کہ کیا کارروائی کی گئی ہے۔جس پر سی پی او اسرار عباسی نے معذرت کرتے ہوئے درخواست کی کہ انھیں کچھ مہلت دی جائے ،آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔متعلقہ اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔عدالت عالیہ میں مقدمہ قتل میں ایک ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی سماعت کے دوران ملزم کی شناخت پریڈ میں بے ضابطگی کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او کو طلب کیا تھا۔صاحب داد کے قتل میں رفیع اللہ اور شمس الرحمان کو گرفتارکیا گیا تھا لیکن متعلقہ سب انسپکٹر افتخار نے ملزم رفیع اللہ کی شناخت پریڈ نہیں کرائی تھی حالانکہ اس حوالے سے عدالت عالیہ باقاعدہ طریقہ کار وضع کرچکی ہے۔جس پر پولیس عمل نہیں کررہی ہے۔جس پر عدالت عالیہ نے پولیس حکام کی سرزنش کرتے ہوئے آئی جی سے29مارچ تک رپورٹ طلب کی ہے۔
تازہ ترین