• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاکستان نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے حوالے سے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دینے کے لئے نئے دستاویزی ثبوت تیار کئے ہیں، جو جلد اقوام متحدہ کو فراہم کئے جائیں گے۔ دستاویزات میں کلبھوشن یادیو کے کورٹ مارشل کی تفصیلات، اعترافی بیان اور مزید شواہد شامل ہیں، ان دستاویزات میں کلبھوشن کے خلاف عدالتی کارروائی کی شفافیت، ڈیڈ لائن اور اعترافی بیان کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ کلبھوشن کی معاونت سے دہشت گردوں کی کارروائیوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ ثبوت پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں کو دیئے جائیں گے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو بھی بھیجے جائیں گے تاکہ بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب کیا جا سکے۔ یہ مسئلہ اتنا بڑا ہے کہ اسے پوری قوت سے عالمی سطح پر اٹھانا چاہئے۔ اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ ایک حاضر سروس بھارتی فوجی پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا درست ہے کہ بھارت دہشت گردی کے معاملے پر ایک طویل عرصے سے واویلا کر رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کا انٹیلی جنس ادارہ خود دہشت گردی میں ملوث ہے۔ کلبھوشن یادیو ’’را‘‘ کا ایجنٹ اور بھارتی بحریہ کا افسر ہے اور اسے عدالتی عمل کے بعد سزائے موت سنائی گئی ہے۔ عدالت میں کلبھوشن نے بیان دیا ہے کہ میں را کا پاکستان میں بھیجا ہوا جاسوس ہوں اور میرا مقصد یہاں عدم استحکام پیدا کرنا اور بالخصوص بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرانا ہے۔ اس کے قبضے سے برآمد ہونے والے ایک پاسپورٹ میں اس کا ہندو نام اور دوسرے میں مسلمان نام درج ہے، اس نے اپنے اعترافی بیان میں بلوچستان اور کراچی میں کرائی جانے والی تمام دہشت گرد کارروائیوں کا ذکر کیا ہے۔ پاکستان، بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کے جو اقدامات کر رہا ہے وہ اخلاقیات اور عالمی اصولوں کے عین مطابق ہیں۔

.
تازہ ترین