• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحقیقات میںکردار شفاف ہوگا فوج، جے آئی ٹی میں ہمارے نمائندے قانونی کردار اداکرکے عدلیہ کے اعتماد پر پورا اتریں گے

راولپنڈی (نیوز ایجنسیز / مانیٹر نگ سیل) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر زکانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاناما کیس کی تحقیقات میں کردار شفاف ہوگا ، جے آئی ٹی میں ہمارے نمائندے قانونی کردار ادا کرکے عدلیہ کے اعتماد پر پورا اُتریں گے ، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے ایمانداری سے تحقیقات کریں گے ۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاناما کیس اور آپریشن ردالفساد پر غور کیا گیا جبکہ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز پر بریفنگ بھی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام کے مطابق پیر کو آرمی چیف کی جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی میں 202؍ ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان کے مطابق شرکاء نے پاناما لیکس کیس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔جس میں ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔ ترجمان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ اپنے نمائندوں کے ذریعے جے آئی ٹی کے سلسلے میں شفاف اور قانونی کردار ادا کرے گا اور سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ذمہ داری پر ایمانداری سے پورا اتریں گے اور اس پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا ۔ اجلاس میں پہلے آپریشن رد الفساد کے تحت ملک بھر میں ہونیوالی کارروائیوں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناماکیس کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی )تشکیل دینے کا حکم دیا ہے جس میں نیب، ایس ای سی پی اور ایف بی آر کے علاوہ آئی ایس آئی اور ایم آئی کے افسر بھی شامل ہوں گے۔
تازہ ترین