• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم، دھماکا 14 بس مسافر شہید، دہشت گردوں نے بارودی سرنگ سے مردم شماری عملہ لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا

پاراچنار (نیوز ایجنسیز) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے کُرم ایجنسی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 5خواتین اور 4بچوں سمیت14 افراد جاں بحق اور9 زخمی ہوگئے جن میں سے شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیاہے۔ پولیٹکل انتظامیہ اور اسپتال ذرائع کے مطابق وسطی کرم کے علاقہ گودر سے مسافر گاڑی صدہ کی طرف آرہی تھی کہ گودر کے قریب پٹو کوٹ میں کچے روڈ کے کنارے نامعلوم دہشت گردوں نے بارودی مواد نصب کیاتھاجونہی گاڑی بم کے قریب پہنچی تو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور گاڑی میں سوار ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طورپرطبی امدادکیلئے تحصیل اسپتال صدہ اور ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا جن میں مزید 13 زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین جن میں دو خواتین بہنیں اور ان کے دو بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں چار خاصہ دار بھی شامل ہیں جو مردم شماری کے دوران اپنے ڈیوٹی کی فرائض انجام دینے کیلئے صدہ جارہے تھے۔ زخمیوں کوپاراچنار اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فورسز نے خصوصی ہیلی کے ذریعے 9 شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا ۔ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں ادا کردی گئی اور نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداءکی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کردی گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کی معاونت اور انہیں بہترین طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
تازہ ترین