• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس میں چپ رہنے کیلئے مجھے 10 ارب کی پیشکش کی گئی، عمران خان

پشاور (ایجنسیاں‘جنگ نیوز ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیاہے کہ پاناماکیس میں چپ رہنے کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف نے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔ٹی وی رپورٹ  کے مطابق منگل کو شوکت خانم کینسر اسپتال پشاور میں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے انکشا ف کیاکہ پاناماکیس میں خاموشی اختیار کرنے کیلئے نواز شریف نےانہیں 10ارب روپے کی آفردی تھی ‘ کپتان نے استفسارکیاکہ میاں صاحب مجھے اتنے پیسےکی پیشکش کرسکتے ہیں توباقی اداروں کو کتنے پیسوں کی آفر کریں گے؟ان کے پاس بڑے وسائل ہیں‘ ادارے  ان کے نیچے ہیں۔دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ چیمپئن وہ ہوتاہے جوکبھی ہار نہیں  مانتا ‘ گونوازگوکا نعرہ قومی ترانہ بن چکا‘اب وزیراعظم کوکوئی نہیں بچاسکتا ‘انہیںہرصورت گھر جانا ہوگا ‘ اصل گو نواز گو جمعہ کو اسلام آباد میں ہو گا‘دومہینوں کی بات ہے‘گیندڈی تک لے آئے ہیں ‘اب اسے حتمی کامیابی میں بدلناہے‘سپریم کورٹ کا فیصلہ عدل و انصاف کے قیام اور نظام حکومت کی تطہیر کے مواقع فراہم کرے گا‘پاکستان کو صحیح معنوں میں اقبال اور قائد کا پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حیا ت آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاورمیں انڈر23گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب ‘ وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے گفتگواورپارٹی کے 21ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام کیا۔اسپورٹس گیمزکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا‘کامیابی کیلئے سخت محنت ضروری ہے‘اگرمیںکرکٹ نہ کھیلتااور شوکت خانم کینسر اسپتال نہ بناتاتوآج تحریک انصاف بھی نہ ہوتی‘زندگی ایک مقابلے کا نام ہے‘جو بہتر مقابلہ کرتا ہے وہی آگے بڑھتا ہے‘چیمپئن وہ ہوتا ہے جو شکست کے بعد ہار نہیں مانتا‘ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزاررنزبنانے پر مبارکباد پیش کرتاہوں‘اصل گونوازگوجمعہ کو اسلام آباد میں ہوگا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں  تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرہم نے مٹھائی اس لئے بانٹی کہ ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار احتساب سے بھاگنے والے ایک طاقتوروزیراعظم جس نے پولیس، بیوروکریسی سمیت تمام اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے، کی تلاشی کیلئے اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوئے ہیں ‘ہمارا نکتہ نظر ثابت ہوچکا ہے البتہ نواز لیگ کی طرف سے مٹھائیوں کی تقسیم سمجھ سے بالا تر ہے، دو ججز نے کہا ہے کہ نواز شریف بے ایمان‘ جھوٹا اورکرپٹ سیا ستدان ہے‘ تین ججز نے حکمرانوں کی طرف سے پیش کردہ صفائی کو مسترد کیا ‘بنچ نے قطری خط کو یکسر مسترد کرتے ہوئے منی ٹریل، ذرائع آمدنی سمیت تیرہ سوالات کے جوابات مانگے ہیں‘جس طرح نواز شریف نےیوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا ہم بھی مطالبہ کرتے ہیںکہ نواز شریف مستعفی ہوجائیں، امید ہے تحقیقاتی ادارے میرٹ پر تحقیق یقینی بنائینگے، نواز شریف معصوم شکل بنا کر عوام کے سامنے آ جاتا ہے حالانکہ اندر سے بہت بڑا مافیا ہے، وہ کسی کو بھی خرید سکتا ہے‘انہوں نے کہاکہ یہ نئے پاکستان کی جنگ ہے‘ دو مہینوں کی بات ہے‘ نواز شریف اور اسکے حواری اپنی کرپشن چھپانے میں مصروف ہیں اور ہم اس کرپشن کو بے نقاب کرکے کرپٹ سیاستدانوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے تگ و دو کر رہے ہیں‘قطری خط نے نواز شریف کے دفاع کو ختم کر دیا ہے کیونکہ یہ سب کچھ قطری خط میں ڈال رہے تھے‘ قطری زیرو ہوا تو یہ بھی زیرہ ہو گئے‘ہمیں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف اس جنگ کو منطقی انجام تک لے جانا ہے جس کے لئے عوام کو تیاررہنا ہو گا‘ہم بال کو ڈی تک لے گئے ہیں اب عوام نے اسے حتمی کامیابی میں بدلنا ہے۔ دریں  اثناء عمران خان نے پارٹی کے 21ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ آج تحریک انصاف قومی سیاست میں کلیدی مقام حاصل کر چکی ہے ‘ پاناما تحریک کی کامیابی سے نئے پاکستان کو مستحکم بنیاد میسر آئی ہے۔ 21 برس قبل کرپشن کیخلاف برپا کی گئی تحریک کو رب العزت نے سرفراز کیا ہے‘ سپریم کورٹ کا فیصلہ عدل و انصاف کے قیام اور نظام حکومت کی تطہیر کے مواقع فراہم کرے گا، پاکستان کو صحیح معنوں میں اقبال اور قائد کا پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تازہ ترین