• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست یا کاروبار، نواز شریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون جندل کی ملاقات، پرانے دوست ہیں، خفیہ کچھ نہیں، مریم نواز

اسلام آباد(آصف علی بھٹی)یہ سیاست ہے یا کاروبار ؟معروف بھارتی سرمایہ کار‘بزنس مین اوراسٹیل ٹائیکون سجن جِندل نے پاکستان کا غیراعلانیہ دورہ اوروزیراعظم نوازشریف سےملاقات کی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جندل کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات پاک بھارت ٹریک ٹوڈپلومیسی کا حصہ ہوسکتی ہے‘ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئےکہاہےکہ جندال کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے لیکن یہ خفیہ نہیں تھی ‘ دونوں پرانے دوست ہیں‘اعلیٰ سطح ذرائع نے نمائندہ خصوصی کو بتایاہے کہ بھارتی سرمایہ کارسجن جندل نےپاکستان کا غیر اعلانیہ دورہ کیا ‘ان کے ہمراہ 2دیگر بھارتی تاجربھی تھے ‘تین رکنی وفدکو خصوصی پروٹوکول میں مری لےجایاگیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعےگذشتہ روز مختصر وقت کےلئے مری گئے تھے جہاں ان کی جندل اور ان کے ہمراہ آنے والے دیگر افراد سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کا کہناہےکہ ذاتی نوعیت کی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات بھی زیر غور آئے،ذرائع کا کہناہےکہ سجن جندل نواز شریف کے قریبی ذاتی دوست ہیں۔ جندال کی آمد‘وزیراعظم سے ملاقات اوراس میں زیر بحث آنے والے امورکے بارے میں جاننے کیلئے جیو نیوز / جنگ کی طرف سے مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان ‘وزیرمملکت اطلاعات یا وزارت خارجہ کی طرف سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تاہم شام کو وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازنے ملاقات کی تصدیق کردی اور موقف اختیار کیا کہ ملاقات کو خفیہ قرار دینا درست نہیں سجن جندل وزیراعظم کے پرانے دوست ہیں‘اس بات کو بڑھاچڑھاکر پیش نہیں کیا جانا چاہئے ۔ ذرائع کا کہناہےکہ جندال کی وزیراعظم سے ملاقات پاک بھارت ٹریک ٹوڈپلومیسی کا حصہ ہوسکتی ہے‘اس سےقبل بھی جندال کی کھٹمنڈو میں سارک کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد اوفا میں  پاک بھارت وزراء اعظم ملاقات ہوئی ۔آن لائن کے مطابق بھارتی وفدنے میاں نوازشریف کو وزیراعظم نریندرمودی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا‘ وفد میں سجن جندال کے علاوہ سوکیت سنگال اور ویندر سنگھ شامل ہیں‘ وفد خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ’’ نواز مودی‘‘ ملاقات کے حوالے سے اہم امور پر بات چیت بھی کی ‘وفدنے مری میں نواز شریف کے ساتھ لنچ بھی کیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ملاقات میں خاتون اول کلثوم نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔
تازہ ترین