• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات کا اچانک اعلان، مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی الیکشن کی سرگرمیاں متاثر

برمنگھم(آصف محمودبراہٹلوی)وزیراعظم تھریسامے کی جانب سےاچانک عام انتخابات کے اعلان سے ویسٹ میڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی کے پہلے تاریخی الیکشن کی انتخابی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔مختلف پارٹیوں کی قیادت نے اپنے پارلیمانی الیکشن کے سلسلہ میں غیر اعلانیہ انتخابی مہم شروع کردی،سیاسی رہنما ٹکٹوں کے حصول کیلئے متحرک ہو گئے۔اسی سلسلے میں جنگ سے خصوصی گفتگو میں ترجمان لب ڈیم وسابق کونسلر راجہ شوکت خان نے کہا ہے کہ اچانک مڈ ٹرم الیکشن کے اعلان سے صورتحال تبدیل ہوگئی ، لوگوں کی توجہ جنرل الیکشن کی جانب مبذول ہوگئی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کمائنڈ اتھارٹی میٹرو میئر کے الیکشن انتہائی اہم ہیں، ہمیں پوری کوشش سے باہر نکل کر میٹرو میئر کے الیکشن میں حصہ لیکر اس تاریخ ساز موقع سے فائدہ اٹھا کر برمنگھم کو لندن طرز کی بااختیار اور گریٹر سٹی بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے،انہوں نے کہاکہ 4مئی کو دو لوکل سیٹوں پر الیکشن ہورہے ہیں کمیونٹی توجہ دے اور ووٹ پول کرے، ابھی نہیں تو 2018 کو برمنگھم سٹی کونسل کا کنٹرول دوبارہ لب ڈیم اور ٹوری کے اتحاد سے لیبر پارٹی سے چھن جائے گا۔ پول کے ذریعے اب لب ڈیم کی برتری ہر گزرتے دن کے ساتھ اوپر جارہی ہے لوگوں کو ون پارٹی کی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا۔ یوکپ میڈ لینڈزکے خزانچی اور متوقع پارلیمنٹری امیدوار ھج ہل وارڈ بمقابلہ لیم برن الحاج راجہ گلستاسب خان نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اچانک مڈ ٹرم الیکشن کا اعلان کردیا گیا۔ ان کا کہناتھا کہ میںاس دوران بیرون ملک میں بچوں کے ساتھ ہالیڈے پر تھے۔ اچانک الیکشن کے اعلان سے چھٹیاں  مختصر کرکے واپس برطانیہ پہنچا، انہوں نے کہا کہ پارلیمانی امیدوار کے سلسلے میں پارٹی جو بھی فیصلہ کرےگی وہ قبول ہو گا۔ لیبر گروپ برمنگھم کے چیف ویپ کونسلر محمد ادریس نے کہاہے کہ جنرل الیکشن کے اعلان سے میٹرومیئر کے الیکشن میں ٹرن آئوٹ زیادہ ہوگا۔ پہلے کم کی توقع کی جارہی تھی، لیبر پارٹی برمنگھم ویسٹ میڈ لینڈز میں سٹرانگ ہولڈ رکھتی ہے۔ پارلیمانی سیٹوں میں 28میں سے21لیبر ہولڈ کرتی ہے۔ سات ٹوری کے پاس ہیں، میٹرومیئر کا الیکشن لوگوں میں آگہی مہم بیدار کرےگا۔ انہوں نے کہا جہاں جہاں ممبران آف پارلیمنٹ کی مہم ہوگی ساتھ ساتھ میٹرومیئر کی کمپین بھی ہوگی۔ اس کا تمام تر فائدہ لیبر پارٹی کو پہنچے گا اور توقع کی جارہی ہے کہ شان سائمن بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ ٹوری پارٹی بزنس شعبہ کے مرکزی رہنما آفتاب احمد چغتائی ایم بی ای نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن صدیوں سے ہوتے چلے آرہے ہیں اس پر بھی توجہ دینی ہے۔ لیکن ویسٹ مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی کے پہلے اور تاریخی الیکشن کی اہمیت اور افادیت ان سے بڑھ کر ہے بریگزٹ کے بعد آئندہ اور H2O فاسٹ ٹریک ریلوے نظام کی وجہ سے آئندہ 15سے 10برسوں تک اس ریجن میں سرمایا کاری کا سیلاب آنے والا ہے۔ یہاں پر سٹرانگ لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو بیک وقت بزنس مینوں ، سیاسی قیادت اور ویسٹ منسٹر سے کھل کر بات کرسکےاور اپنا موقف منوا سکے،انہوں نے کہا کہ عام روایتی سیاستدان اس ذمہ داری کو نہیں سنبھال سکیں گے۔ یہاں پر اینڈی سٹریٹ جیسا مضبوط اعصاب کا مالک امیدوار چاہئے جو کامیاب ہوکر ویسٹ مڈلینڈزکو اپنے پائوں پر کھڑا کرسکے اور انوسٹمنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکے۔ یہ وقت ہے کہ کمیونٹی میٹرومیئر کے الیکشن میںآگے بڑے اور مضبوط قیادت دیکر برمنگھم کو ویسٹ منسٹر کے قریب لے جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اینڈی سٹریٹ نے پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی منسٹر انوشہ رحمن کی دعوت پر پاکستان کا دورہ بھی کیا اور وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئیں،میں سمجھتا ہوں اینڈی سٹریٹ ہی وہ مضبوط قیادت ہے جو مختلف کمیونٹیز اور ممالک کے درمیان اعتماد کے مضبوط پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔
تازہ ترین