• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ منسٹر سے گرفتار چاقو بردار سمیت7افراد سے پوچھ گچھ

لندن (پی اے) ٹیرر پولیس نے ویسٹ منسٹر کے قلب میں گرفتار مشتبہ چاقو بردار سمیت7افراد سے پوچھ گچھ جاری رکھی ہے۔ ان افراد کو لندن میں علیحدہ آپریشنوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خالد محمدعلی کو ٹیررازم ایکٹ کے تحت ڈائوننگ سٹریٹ کے نزدیک ہتھیار رکھنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کی گرفتاری جمعرات کی سہ پہرعمل میں آئی۔ پولیس نے گزشتہ ماہ ویسٹ منسٹر برج پر خالد مسعود کے مہلک حملے کے مقام سے چند گز دور انٹیلی جنس کی قیادت میں چھاپوں کے دوران کئی چاقو برآمد کئے، علی کے بارے میں یقین ہے کہ وہ بیرون ملک پیدا ہونے والا برطانوی نیشنل ہے، جو ٹوٹنہم کے سکول میں پڑھا اور2010ء میں غزہ کے انسانی ہمدردی کے مشن میں بار بار شریک ہوا۔ سیاحوں کے ہجوم کے سامنے اس کی ڈرامائی گرفتاری کے بعد اسے پوچھ گچھ کے لئے سائوتھ لندن پولیس سٹیشن لے جایا گیا، جہاں وہ اب بھی موجود ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر نییل بولو نے کہا ہے کہ ان گرفتاریوں کے سبب ہم ان خطرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئے جو ان افراد سے لاحق تھے۔ مستقبل کے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے افسران دن رات کام کررہے ہیں۔ ہوم سیکرٹری ابررڈ نے پولیس اور سیکورٹی سروسز کو سراہا اور کہا کہ مشتبہ کارروائی کی نشاندہی کے لئے عوام کا کردار اہم ہے۔
تازہ ترین