• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں سی پیک منصوبے کا آغاز ہوچکا، راجہ امجد خان

برمنگھم (نمائندہ جنگ) سی پیک جیسے عالمی منصوبے سے پاکستان کے وقار اور امیج میں اضافے اور معاشی استحکام سے بوکھلاہٹ کا شکار بھارت اس منصوبے کی ناکامی کے لیے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی سازشیں کررہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی قیادت میں سی پیک منصوبہ پاکستان کو عظیم ترین ملک بنادے گا۔ اس منصوبے میں مختلف صوبوں کی طرح آزاد کشمیر کو بھرپور حصہ دینے پر اوورسیز کشمیری کمیونٹی وزیراعظم پاکستان کی مشکور ہے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) مڈ لینڈ کے صدر راجہ امجد خان نے ’’جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن سی پیک کے خلاف پروپیگنڈہ اور منفی سرگرمیاں کرکے کمیونٹی میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ سی پیک منصوبے کے تحت آزاد کشمیر میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں منصوبوں پر آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک مسلم لیگ کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا عظیم منصوبہ ہے۔ جس میں کشمیری عوام کو بھی حصہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی و قومی مفادات پر مل کر کام کرنا ہوگا۔
تازہ ترین