• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی میں قبل از وقت انتخابات کی کوششیں دم توڑ گئیں

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اگست کے اوائل تک پی سی بی چیئرمین شہریار خان عہدے کے لئے اپنی تین سالہ معیاد پوری کرکے رخصت ہوں گے۔ بیس جولائی کو پی سی بی گورننگ بورڈ کا آخری اجلاس ہوگا۔ پی سی بی میں قبل از وقت نئے انتخابات اور انتظامی تبدیلی کی کوششیں دم توڑ گئیں۔ شہریار خان اگست میں رخصت ہوں گے جس کے بعد نیا گورننگ بورڈ نئے چیئر مین کا انتخاب کرے گا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان تیس مئی سے پندرہ جولائی تک برطانیہ میں رہیں گے۔ وہ بیرون ملک ہونے کے باوجود ای میل اور ٹیلی فون پر برطانیہ سے کام کریں گے۔ شہریار خان کی لندن روانگی سے قبل 25 مئی کو پی سی بی جنرل باڈی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس رسمی اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔ پی سی بی کے ساتھ دو اضلاع چاغی اور پاک پتن کا الحاق ہوجائے گا۔ جنرل باڈی اجلاس میں سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں ، امپائروں، میچ ریفریز اور کیوریٹر کو مجموعی طور پر پندرہ ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی 20 کے بہترین کھلاڑیوں کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ جبکہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا جائےگا۔
تازہ ترین