• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، پولنگ اسٹیشنوں اور بوتھ پر ووٹرز کی حد مقرر

اسلام آباد (طاہر خلیل) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ بوتھوں پر ووٹروں کی حد مقرر کردی ہے۔ وزیر قانون زاہد حامد نے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ایک پولنگ اسٹیشن پر زیادہ سے زیادہ 1200 ووٹرز کی حد مقرر کی گئی ہے۔ ایک پولنگ بوتھ پر تین سو ووٹرز کا ہونا لازم ہوگا۔ زاہد حامد نے بتایا کہ پریذائیڈنگ افسر ہر پولنگ اسٹیشن پر تمام امیدواروں کو دستخط شدہ نتیجہ دینے کا پابند ہوگا۔ دستخط شدہ نتیجہ امیدواروں کو نہ دینے والے پریذائیڈنگ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی سمیت 27 انتخابی فارمز کا جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ کاغذات نامزدگی میں کی جانے والی تبدیلی کا اطلاق تمام نشستوں کے انتخابات پر ہوگا۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی تصدیق گریڈ 17 یا اس سے اوپر کا سرکاری افسر کرسکے گا۔ زاہد حامد نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں چیلنج ووٹوں کی گنتی کی جا سکے گی۔ چیلنج شدہ ووٹ کی گنتی کا فیصلہ اصل ووٹر کو ووٹ کا حق دینے کے لئے کیا گیا ہے۔
تازہ ترین