• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منفی سیاست کرنے والے مسترد ہوگئے، بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگے گا، عوام کو ریلیف ملے گا، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ منفی سیاست کرنیوالے مسترد ہوگئے، بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگے گا،عوام کو ریلیف ملے گا، عام آدمی کی فلاح و بہبود اور اسے معیاری سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور نئے صوبائی بجٹ کی تجاویز میں اسی پالیسی کو آگے بڑھائیں گے، رواں مالی سال ترقیاتی اہداف حاصل کرلئے، آئندہ سال کیلئے ترقیاتی پروگرام کا حجم ریکارڈ ساز ہوگا ، پاکستان پہلے سے زیادہ خوشحال اور محفوظ ہے، الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی، دیانت و محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال 2017-18 کے صوبائی بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کی نئی اسکیمیں ہونگی ، نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے موثر حکمت عملی کے ذریعے رواں مالی سال کے ترقیاتی اہداف حاصل کئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ریکارڈ ساز ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل ہماری ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے آئندہ مالی برس بھی زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی نئے اقدامات کرکے مزید بہتری لائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے زرعی شعبہ کی ترقی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔آئندہ مالی سال میں زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز وزیر مملکت اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2017 کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کے چار سالہ دور میں ہر شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور منفی سیاست کرنے والے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی اور عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی کارکردگی اور ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت اور شاندار ویژن کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی سراہا جاتا ہے اور آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔
تازہ ترین