• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا ایم کیو ایم لندن پر پابندی لگانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور

اسلام آباد( طاہر خلیل) معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم لندن پر پابندی لگانے کی ایک تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے، اس ضمن میں اعلیٰ سطح پر سیاسی فیصلے کے بعد ایم کیوایم لندن پر پابندی عائد کرنے کےلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے متعلقہ اداروں کی مدد سے ایم کیو ایم لندن کے بانی الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقاریر کی ویڈیوز اوردیگر مواد حاصل کرلیا ہے۔ جس میں بھارت سمیت دیگر غیر ملکی فنڈنگ بھی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت عام انتخابات سے قبل ایم کیو ایم لندن پر پابندی کے مقاصد مکمل کرناچاہتی ہے تاکہ پاکستان میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران ایم کیوایم لندن کاعمل دخل ختم کیا جاسکے۔ حکومت نے اس ضمن میں قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کی ہے، قانونی ماہرین نے حکومت کو بتایا ہے کہ الطاف حسین اوران کی لندن میں قائم جماعت کی پاکستان دشمن سرگرمیوں کے بارے میں ٹھوس ثبوت موجود ہیں، اس لئے عدالت میں ایم کیوایم لندن پر پابندی کا ریفرنس دائر کیا جاسکتا ہے، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اس ضمن میں جلد وزیر اعظم نوازشریف سے بھی مشاورت کریں گے جس کے بعد ریفرنس دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین